ایپل نے اب تک اس مبینہ رنگت کی تبدیلی کے بارے میں باضابطہ طور پر کوئی وضاحت جاری نہیں کی
ایپل کے نئے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کو مارکیٹ میں آئے ابھی چند ہی ہفتے گزرے ہیں، لیکن آن لائن صارفین کی جانب سے فون کی بیرونی رنگت میں تبدیلی کی شکایات سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔
صارفین کے مطابق یہ مسئلہ فون کے مختلف ورژنز میں دیکھا گیا ہے، تاہم برگنڈی رنگ کے ماڈل میں یہ تبدیلی زیادہ نمایاں ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رنگت میں تبدیلی پورے فون کے پچھلے حصے پر نظر نہیں آتی بلکہ خاص طور پر عقب میں موجود تین کیمروں کے اردگرد کا حصہ اس سے متاثر ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی گرد، چکنائی یا کسی ظاہری نقصان کی وجہ سے نہیں ہوئی، کیونکہ فون کو صاف کرنے کے باوجود رنگ پہلے جیسا نہیں ہوتا۔
ابھی تک اس تبدیلی کی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی۔ تاہم ایک صارف نے امکان ظاہر کیا ہے کہ کیمروں کے استعمال کے دوران پیدا ہونے والی حرارت شاید ان کے اردگرد کے حصے کی رنگت تبدیل کرنے کا سبب بن رہی ہو۔ مختلف صارفین کی جانب سے سامنے آنے والی متعدد رپورٹس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مسئلہ محض ایک انفرادی واقعہ نہیں۔
ایپل نے اب تک اس مبینہ رنگت کی تبدیلی کے بارے میں باضابطہ طور پر کوئی وضاحت جاری نہیں کی، اس لیے یہ بھی واضح نہیں کہ کمپنی متاثرہ فونز کے لیے کوئی حل یا تبدیلی فراہم کرے گی یا صارفین کو اسی حالت کے ساتھ فون استعمال کرنا ہوگا۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ آئی فون کے کسی نئے ماڈل کی بیرونی رنگت کے حوالے سے شکایات سامنے آئی ہوں۔ اس سے قبل آئی فون 17 پرو کے بعض نارنجی رنگ کے یونٹس میں بھی شدید رنگت بدلنے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔ گزشتہ برس کمپنی نے متاثرہ آئی فونز کو مفت تبدیل کیا تھا، تاہم دستیاب اطلاعات کے مطابق آئی فون 17 پرو میں یہ مسئلہ اتنے بڑے پیمانے پر رپورٹ نہیں ہوا جتنا موجودہ آئی فون 18 پرو کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے۔
