کسی بھی چیز کو پہلی مرتبہ استعمال کرنے سے پہلے جلد کے چھوٹے حصے پر پیچ ٹیسٹ کرنا بہتر ہے
گھنی اور خوبصورت بھنویں چہرے کے فیچرز کو نمایاں کرتی ہیں، لیکن بعض افراد کی بھنویں قدرتی طور پر ہلکی ہوتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں روزانہ پینسل یا دیگر میک اپ پروڈکٹس کا سہارا لینا پڑتا ہے۔
اگر آپ بھی بار بار بھنویں بھرنے سے پریشان ہیں تو گھر میں موجود چند عام چیزوں کو بھنوؤں کی نگہداشت کے معمول میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ تاہم یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ہر شخص کے بال اور جلد مختلف ہوتے ہیں، اس لیے ان طریقوں کے نتائج بھی یکساں نہیں ہوتے۔
تازہ پیاز کا تھوڑا سا رس نکال کر روئی کی مدد سے بھنوؤں پر لگائیں اور تقریباً 15 سے 20 منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ اسے ہفتے میں 2 سے 3 مرتبہ آزمایا جا سکتا ہے۔
اگر پیاز کا رس لگانے کے بعد جلن، خارش یا سرخی محسوس ہو تو اسے فوراً دھو دیں اور دوبارہ استعمال نہ کریں۔
ناریل کا تیل رات کو لگائیں
ناریل کا تیل استعمال کرنے کا طریقہ نہایت آسان ہے۔ رات کو سونے سے پہلے انگلی یا صاف روئی کی مدد سے تھوڑی مقدار میں تیل بھنوؤں پر لگائیں اور صبح چہرہ دھو لیں۔
اسے روزانہ یا ہفتے میں تقریباً 4 سے 5 مرتبہ اپنے بیوٹی روٹین کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔
ارنڈی کا تیل بھی آزمایا جا سکتا ہے
کیسٹر آئل یعنی ارنڈی کے تیل کی معمولی مقدار صاف برش یا روئی کی مدد سے بھنوؤں پر لگائیں اور رات بھر لگا رہنے دیں۔ صبح اسے اچھی طرح دھو لیں۔
ہفتے میں 3 سے 4 مرتبہ اس کا استعمال کیا جا سکتا ہے، البتہ تیل کو آنکھوں کے اندر جانے سے بچانا ضروری ہے۔
ایلو ویرا جیل سے بھنوؤں کی نگہداشت
خالص ایلو ویرا جیل کی ایک ہلکی تہہ بھنوؤں پر لگائیں اور تقریباً 20 سے 30 منٹ بعد دھو لیں۔ ہفتے میں 3 سے 4 مرتبہ اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
نتیجہ کتنے دن میں نظر آئے گا؟
گھریلو طریقوں سے راتوں رات بھنویں گھنی ہونے کی توقع نہ کریں۔ کسی بھی طریقے کو باقاعدگی سے 6 سے 8 ہفتے استعمال کرنے کے بعد ہی اندازہ لگائیں کہ آپ کو کوئی فرق محسوس ہو رہا ہے یا نہیں۔
کسی بھی چیز کو پہلی مرتبہ استعمال کرنے سے پہلے جلد کے چھوٹے حصے پر پیچ ٹیسٹ کرنا بہتر ہے، خصوصاً پیاز کا رس استعمال کرتے وقت۔ اگر بھنوؤں کے بال اچانک تیزی سے جھڑنے لگیں یا واضح خالی جگہیں بننے لگیں تو گھریلو نسخوں پر انحصار کرنے کے بجائے ماہرِ جلد سے مشورہ کریں۔
