ضیاء الحسن لنجار نے تھانوں میں روزنامچہ، پولیس نفری اور لاک اپ کا معائنہ کیا
صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ رات گئے شہر کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیا اور پولیس کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔
صوبائی وزیر داخلہ نے سچل، گلستان جوہر، مبینہ ٹاؤن اور سہراب گوٹھ سمیت ضلع شرقی کے مختلف تھانوں کا دورہ کیا، جس کے بعد ضلع وسطی کے یوسف پلازہ، جوہرآباد اور نارتھ ناظم آباد تھانے بھی پہنچے۔
ضیاء الحسن لنجار نے تھانوں میں روزنامچہ، پولیس نفری اور لاک اپ کا معائنہ کیا جبکہ زیر حراست ملزمان کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔ وزیر داخلہ نے قیدیوں کے مسائل بھی سنے اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
سہراب گوٹھ تھانے کے اچانک معائنے کے دوران ہیڈ محرر کی غیرحاضری پر اسے معطل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے جبکہ ڈیوٹی افسر کو بھی معطل کردیا گیا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ اچانک دوروں کا مقصد پولیس کی کارکردگی جانچنا اور کوتاہیوں کو دور کرنا ہے۔
جو افسر اچھا کام کرے گا اور قوانین پر عمل کرے گا اسے شاباشی ملے گی جبکہ کوتاہی برتنے والے افسران کو گھر جانا ہوگا۔
