بطور وزیر اطلاعات بڑی ذمہ داری سے کہہ چکی تھیں کہ سارے اخراجات وزیر اعلی خود ادا کریں گی، عظمیٰ بخاری
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے دورہ لندن کے لیے صوبائی حکومت کے خصوصی جہاز کے استعمال پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دورے کے تمام اخراجات وہ خود برداشت کریں گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بطور وزیر اطلاعات بڑی ذمہ داری سے کہہ چکی تھیں کہ سارے اخراجات وزیر اعلی خود ادا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ‘سیاسی یتیم اور یو ٹیومر کچھ دن سے وزیراعلیٰ کے لندن کے دورے پر ڈالر کھانے میں مصروف ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے لندن روانگی سے قبل ہی واضح ہدایت کر دی تھی کہ اپنے اس دورے کے تمام اخراجات وہ خود برداشت کریں گی لیکن لندن سے وطن واپس پہنچنے سے پہلے ہی تنقید کے شوقین طبقے نے بغیر حقائق جانے پروپیگنڈا شروع کر دیا’۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ‘وزٹ ختم ہوتا تو تخمینہ لگتا اور ادائیگی کی جاتی، سرکاری نظام میں ہر چیز ایک قانونی ضوابط اور طریقہ کار کے تحت چلتی ہے، تخمینہ لگایا جاتا اور چالان کے ذریعے ادائیگی ہوتی ہے یہ کوئی ایزی پیسہ یا جاز کیش نہیں کہ سفر ختم ہونے سے پہلے ہی بٹن دبا کر حساب سامنے رکھ دیا جائے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ابھی دورہ مکمل ہی نہیں ہوا اور پروپیگنڈہ پہلے شروع ہو گیا تھا، جو خود قوم کے اربوں روپے ہوا میں اڑا کر عیاشیاں کرتے رہے، وہ آج پاک دامن بننے کی سستی اداکاری کر رہے ہیں، جن کا اپنا دامن کرپشن کے داغوں سے بھرا پڑا ہے، انہیں دوسروں پر اونگھتے میں بھی الزامات لگاتے ہوئے شرم کرنی چاہیے’۔
وزیراطلاعات پنجاب نے سخت زبان میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‘شرمندگی اور ذلت برداشت کرنے کے لیے ایک مرتبہ پھر تیار ہو جائیں، تھوڑا سا انتظار اور’۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنی بیٹی کی گریجویشن کی تقریب میں شرکت کے لیے لندن میں موجود ہیں۔
