• ستمبر 15, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 15, 2026 4:43 شام
  • پاکستان

اجلاس میں ڈبل ڈیکر بسوں اور مزید الیکٹرک بسوں کے لیے روٹس سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا

سندھ حکومت نے لاڑکانہ، قمبر اور شہدادکوٹ کے عوام کے لیے پیپلز بس سروس کے نئے روٹ کا اعلان کردیا۔

لاڑکانہ سے شہدادکوٹ براستہ قمبر نئی بس سروس 18 ستمبر سے شروع کی جائے گی۔ اس حوالے سے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام نے انہیں مختلف ٹرانسپورٹ منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس میں صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے جاری منصوبوں، نئے روٹس اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاڑکانہ سے قمبر اور شہدادکوٹ تک پیپلز بس سروس کا نیا روٹ 18 ستمبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نئی بس سروس سے لاڑکانہ، قمبر اور شہدادکوٹ سمیت اطراف کے علاقوں کے شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کے شہریوں کو جدید، محفوظ اور باکفایت پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے، جبکہ پیپلز بس سروس کو سندھ کے دیگر شہروں اور اضلاع تک بھی وسعت دی جارہی ہے۔

سینئر وزیر نے حکام کو ہدایت کی کہ نئے روٹ پر بس سروس مقررہ وقت پر شروع کی جائے اور مسافروں کے لیے ضروری سہولیات بھی یقینی بنائی جائیں۔ اجلاس میں گرین لائن بی آر ٹی اور اورنج لائن بی آر ٹی سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی کاوشوں سے گرین لائن کی رائیڈر شپ 88 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اورنج لائن بی آر ٹی کی رائیڈر شپ میں بھی اضافہ ہوا ہے اور یومیہ 11 ہزار سے زائد افراد اورنج لائن میں سفر کررہے ہیں۔

اجلاس میں میرپورخاص میں خواتین کے لیے پنک اسکوٹیز کی تقسیم سے متعلق پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میرپورخاص میں اہل خواتین کو جلد پنک اسکوٹیز تقسیم کی جائیں گی۔

سینئر وزیر نے کہا کہ خواتین کو سفری سہولیات فراہم کرنا سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور پنک اسکوٹیز اور پنک بسیں اس کی مثال ہیں۔

اجلاس میں ڈبل ڈیکر بسوں اور مزید الیکٹرک وہیکل (ای وی) بسوں کے لیے روٹس سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ مزید ڈبل ڈیکر اور ای وی بسوں کے لیے روٹس کا کام جلد مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بہزاد میمن اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے