• ستمبر 30, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 30, 2026 4:08 شام
  • پاکستان

مسافروں نے انکشاف کیا کہ ان کا منصوبہ سعودی عرب میں تقریباً تین روز قیام کے بعد بحرین اور پھر جمہوریہ پلاؤ جانے کا تھا

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA) امیگریشن کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ سفر کی آڑ میں غیر قانونی ذرائع سے آسٹریلیا جانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

ترجمان نے کہا کہ امیگریشن کلیئرنس کے دوران سعودی عرب کے عمرہ ویزوں پر سفر کرنے والے تین پاکستانی مسافروں کے مشکوک رویے کے باعث انہیں مزید جانچ پڑتال کے لیے روک کر تفصیلی انٹروگیشن کی گئی۔

مسافروں کی شناخت ندیم اقبال، ساکن حافظ آباد، شہزاد علی، ساکن حافظ آباد، اور سمر شہزاد، ساکن سرگودھا کے نام سے ہوئی۔

دورانِ تفصیلی جانچ مسافروں کے سفری دستاویزات اور موبائل فونز کا جائزہ لیا گیا، جس کے دوران بحرین کے وزٹ ویزے اور جمہوریہ پلاؤ کے ویزے بھی موجود پائے گئے۔

مسافروں نے انکشاف کیا کہ ان کا منصوبہ سعودی عرب میں تقریباً تین روز قیام کے بعد بحرین اور پھر جمہوریہ پلاؤ جانے کا تھا، مسافروں کے مطابق، ایک ایجنٹ نعیم مرشد، ساکن ملتان نے مبینہ طور پر فی مسافر 25 لاکھ روپے کے عوض ویزوں اور سفری انتظامات کا بندوبست کیا تھا۔

مسافروں نے مزید بتایا کہ ایجنٹ کے مطابق انہیں جمہوریہ پلاؤ میں تقریباً تین ماہ قیام کے بعد مبینہ طور پر Temporary Residence Permit (TRP) حاصل کروایا جانا تھا، جس کے بعد وہ غیر قانونی ہجرت کے راستے سے آسٹریلیا جانے کی کوشش کرتے۔

دستاویزی شواہد، موبائل فونز کی جانچ اور مسافروں کے بیانات کی روشنی میں عمرہ سفر کو بطور پردہ استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہجرت کے ذریعے آسٹریلیا جانے کی کوشش کو بروقت ناکام بنا دیا گیا۔

تینوں مسافروں کو آف لوڈ کرکے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے FIA اینٹی ہیومن ٹریفکنگ اینڈ اسمگلنگ سرکل (AHTC) کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے