• ستمبر 11, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 11, 2026 3:38 شام
  • پاکستان

لائیو اسٹاک شعبے کی ترقی اور زرعی برآمدات کے فروغ کےلیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور شراکت داری ضروری ہے

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کا پاکستان کی معیشت کی ترقی اور استحکام میں کلیدی کردار ہے، فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافے، زراعت میں جدت لانے، لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی اور زرعی برآمدات کے فروغ کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور شراکت داری ضروری ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی زرعی مصنوعات کے لیے عالمی منڈیوں میں رسائی بڑھانے اور نئی منڈیاں تلاش کرنے کے لیے مربوط اقدامات لیے جائیں، وزیراعظم نے زرعی برآمدات کے فروغ کے لیے پاکستان کے بیرون ملک مشنز میں تعینات کمرشل افسران کو مؤثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کسانوں کو فصلوں کی نگرانی کے لیے دستیاب موبائل ایپ کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کے لیے مؤثر میڈیا مہم چلانے کی ہدایت کی، زرعی شعبے کی برآمدات بڑھانے کے لئے زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن ناگزیر ہے۔

زرعی شعبے کے فروغ اور زرعی برآمدات بڑھانے کے لئے اجلاس میں تجاویز پیش کی گئیں،بریفنگ میں کہا گیا کہ پچھلے مالی سال میں پاکستان کے زرعی شعبے سے برآمدات 5.18 بلین امریکی ڈالرز رہیں، چاول، فشریز ، حلال گوشت، آلو، تل، تمباکو ، آم ، مکئی پاکستان کی نمایاں زرعی برآمدات رہیں۔

زرعی برآمدات میں اضافے کے لئے ویلیو چینز تشکیل دینے کی تجویز دی گئی، چین، سعودی عرب ، ایران اور خلیجی ممالک پاکستان کی زراعت برآمدات کے حوالے سے اہم ممالک ہیں، نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی کونسل کو فعال کیا جائے گا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی کونسل میں وزرائے اعلیٰ اپنے اپنے صوبوں کی نمائندگی کریں گے، ڈیجیٹل فارمرز ڈائری-ایگری سٹیک کی تشکیل کی تجویز ؛ جس کے تحت ملک بھر کے کسانوں اور زرعی لینڈ ریکارڈز کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔

بریفنگ کے مطابق ڈیجیٹل فارمرز ڈائری-ایگری سٹیک کے تحت زمین اور پانی کی جانچ کے ریکارڈ ڈیجیٹائز کئے جائیں گے، بہتر نتائج کے حامل زرعی طریقہء کاروں کے فروغ کے لئے پاک-گیپ ( Pakistan- Good Agriculture Practices) نظام تشکیل دیا جائے گا، زرعی شعبے کے برآمد کنندگان کے فروغ کے لیے زرعی فنانسنگ کے حوالے سے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ,وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اعظم اظہر کیانی، وزیر مملکت برائے قومی غذائی تحفظ ملک رشید احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے