• اکتوبر 7, 2026
  • آخری اپڈیٹ اکتوبر 7, 2026 1:28 صبح
  • پاکستان

ملزم کے قبضے سے 93 لاکھ روپے مسروقہ رقم برآمد

پشاور سٹی پولیس نے تھانہ شاہ قبول کی حدود میں گزشتہ ماہ تین دکانوں کا صفایا کرنے والے منظم چور گروہ کا سراغ لگا کر اہم ملزم کو گرفتار کرلیا، جو دھونی سے متاثر اور اپنی جسامت کی وجہ سے اسپائیڈر مین کے نام سے جانا جاتا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے سٹی پولیس نے تھانہ شاہ قبول کی حدود میں گزشتہ ماہ تین دکانوں کا صفایا کرنے والے منظم چور گروہ کا سراغ لگا کر اہم ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ملزم کے قبضے سے 93 لاکھ روپے مسروقہ رقم برآمد کرلی گئی جبکہ پولیس کے مطابق گروہ میں شامل ایک ملزم زاہد ، بھارتی کرکٹر ایم ایس دھونی سے متاثر تھا، جبکہ انتہائی پتلی جسامت کے باعث اسے ’’اسپائیڈر مین‘‘ بھی کہا جاتا تھا اور وہ مبینہ طور پر دکانوں میں داخل ہونے کے لیے ایگزاسٹ کے راستے استعمال کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عثمان اور اس کے ساتھیوں سے تفتیش کے دوران گروہ کی وارداتوں کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ میں ملزمان کے بعض رشتہ دار اور ایک خاتون بھی مبینہ طور پر شامل رہی، جسے واردات کی رات اس خدشے کے پیش نظر ساتھ رکھا گیا کہ راستے میں پولیس کی جانب سے روکنے یا گرفتاری کی صورت میں صورتحال کو مختلف ظاہر کیا جاسکے۔

ایس پی سٹی شاہد عدنان نے گزشتہ روز ڈی ایس پی شاہین شاہ اور ایس ایچ او تھانہ شاہ قبول شاہ خالد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 3 ستمبر 2026 کو لیڈی گرفت گرلز اسکول کے قریب نامعلوم ملزمان نے تین دکانوں میں چوری کی۔ ان میں ایک سولر پینل جبکہ دیگر دو بڑی دکانیں شامل تھیں۔ پولیس کے مطابق تینوں دکانوں سے مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی رقم اور سامان چوری کیا گیا۔

ایس پی سٹی نے بتایا کہ واقعے کا سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ان کی نگرانی میں ڈی ایس پی سٹی سرکل شہنشاہ خان، ایس ایچ او شاہ قبول شاہ خالد خان اور تفتیشی افسر اعزاز عالم خان پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔

پولیس ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیج، جدید سائنسی اور تکنیکی ذرائع کی مدد سے تفتیش آگے بڑھائی اور متعدد مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کیا، جس کے بعد منظم چور گروہ کا سراغ لگایا گیا۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران عثمان ولد غلام حسین، سکنہ بھانہ ماڑی تیمر گھڑے، حال رحمان کورٹ قمر دین گھڑی کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 93 لاکھ روپے مسروقہ رقم برآمد ہوئی۔

ایس پی سٹی شاہد عدنان کے مطابق تفتیش کے دوران ایک ملزم زاہد کا کردار بھی سامنے آیا، جسے ساتھی مبینہ طور پر اس کی جسامت اور دکانوں میں انتہائی تنگ راستوں سے داخل ہونے کی صلاحیت کے باعث ’’اسپائیڈر مین‘‘ کہتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زاہد بھارتی کرکٹر ایم ایس دھونی کا مداح بھی تھا اور اسی حوالے سے ساتھی اسے ’’دھونی‘‘ کے نام سے بھی پکارتے تھے۔

پولیس کے مطابق زاہد مبینہ طور پر اپنی پتلی جسامت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکان کے ایگزاسٹ کے راستے اندر داخل ہوتا اور واردات انجام دیتا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ واردات میں مرکزی کردار ادا کرنے والا زاہد اور اس کی والدہ مبینہ طور پر افغانستان فرار ہوچکے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور گروہ کی دیگر وارداتوں، ساتھیوں اور مسروقہ رقم کے حوالے سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے