وزیر اقتصادی امور کی زیرصدارت اجلاس میں آسان خدمت مراکز کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا
وفاقی حکومت نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مراکز کے قیام کے لیے ٹینڈرنگ شروع کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
وزارت اقتصادی امور کے وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت آسان خدمت مراکز کے قیام اور توسیع سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے ٹینڈرنگ شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آسان خدمت مراکز کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، چیف سیکریٹریز نے مراکز کے قیام کے لیے ٹینڈرنگ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق مراکز کے قیام کا کام تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں دیگر شہروں میں آسان خدمت مراکز کی توسیع کے لیے سرکاری، ہائبرڈ اور نجی ماڈلز کا بھی جائزہ لیا گیا اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت حکومت سہولیات فراہم کرے گی، نجی ادارہ مرکز کے انتظامی امور چلائے گا جبکہ نجی ماڈل میں حکومت لائسنس دے گی اور نجی ادارہ عمارت اور دیگر انتظامات خود کرے گا۔
وفاقی وزیر نے توسیع کے مختلف ماڈلز پر فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرکے تجاویز وزیراعظم کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
احد چیمہ نے کہا کہ نادرا اور دیگر خدمات فراہم کرنے والے ادارے آسان خدمت مراکز کے اخراجات میں حصہ ڈالیں، نجی ماڈل میں آمدن کی مناسب تقسیم اور شہریوں پر اضافی مالی بوجھ سے بچاؤ یقینی بنایا جائے، آسان خدمت مراکز کے اخراجات شہریوں پر منتقل نہیں ہونے چاہئیں۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے جی ناظم احساس خدمت مرکز کی خدمات اور عوامی آمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مرکز کی سہولیات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، اجلاس میں دیگر شہروں میں ڈاک خانوں اور سرکاری عمارتوں میں احساس خدمت شروع کرنے کی تجویز کا فزیبلٹی جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
