دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، سیکیورٹی ذرائع
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں پنجگور میں ایک کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے پنجگور کے علاقے اپھان کوہ، پروم میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز اور علاقے میں موجود دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
