• ستمبر 23, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 23, 2026 12:25 شام
  • پاکستان

شہباز شریف نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے گیٹس فاؤنڈیشن کی معاونت کا شکریہ ادا کیا

وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم نے رواں ماہ کے اوائل میں گیٹس فاؤنڈیشن کی ٹیم کے حالیہ دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے پولیو کے خاتمے، ماں و بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی شمولیت کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس اہم مقصد کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا بھی اظہار کیا۔

بل گیٹس نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں پولیو ویکسینیشن پروگرام پر صوبائی حکومتوں کو وزیراعظم کی جانب سے فراہم کی گئی ذاتی رہنمائی کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کے قابلِ اعتماد شراکت داری کے کردار کو سراہتے ہوئے صحتِ عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے بل گیٹس کو حکومت کی جانب سے زرعی شعبے میں کی جانے والی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا، جن میں جدت، بایوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کی صلاحیت، تحقیق اور کسانوں کی استعدادِ کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے بہتر بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور ابھرتی ہوئی زرعی ٹیکنالوجیز کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا.

ملاقات میں پاکستان کی پائیدار ترقی، تکنیکی پیش رفت اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے شراکت داری کی مزید مضبوطی اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے ملاقات میں بل گیٹس کے سابقہ دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے انہیں جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے