کھانے سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا سبب بننے والے بیکٹیریا سنک کی سطح پر موجود رہ سکتے ہیں
باورچی خانے میں صفائی پر توجہ دیتے ہوئے اکثر فرش، چولہے اور برتنوں کو ترجیح دی جاتی ہے، لیکن سنک بھی ایسی جگہ ہے جہاں کھانے کی تیاری کے دوران مختلف اقسام کے جراثیم جمع ہوسکتے ہیں۔ اسی لیے ماہرین کی جانب سے سنک کو باقاعدگی سے صاف اور جراثیم سے پاک رکھنے پر زور دیا جاتا ہے۔
سنک میں صرف برتن ہی نہیں دھوئے جاتے بلکہ سبزیاں، کھانے کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیا اور کچے گوشت کے رابطے میں آنے والے برتن بھی یہاں صاف کیے جاتے ہیں۔ اس عمل کے دوران کھانے سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا سبب بننے والے بیکٹیریا سنک کی سطح پر موجود رہ سکتے ہیں۔
اگر صفائی کے مناسب اقدامات نہ کیے جائیں تو یہی جراثیم بعد میں کھانے کو آلودہ کرنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں اور بیماری کا سبب بن سکتے ہیں۔ اسی لیے کھانا دھونے یا تیار کرنے کے لیے سنک استعمال کرنے کے بعد اسے اچھی طرح صاف کرنا ضروری ہے۔
سنک کی صفائی کے لیے پہلے گرم پانی اور صابن استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسے اچھی طرح دھونے کے بعد ایک بار استعمال ہونے والے کپڑے یا کاغذی تولیے سے صاف کیا جائے۔ اس کے بعد سینی ٹائزر استعمال کرکے سطح کو خشک ہونے دینا چاہیے۔
گھریلو سطح پر سینی ٹائزر تیار کرنے کے لیے دی گئی ہدایت کے مطابق ایک گیلن پانی میں ایک کھانے کا چمچ مائع کلورین بلیچ شامل کرکے محلول بنایا جاسکتا ہے اور اسے بوتل میں محفوظ کرکے وقتاً فوقتاً استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم بلیچ کو دوسرے صفائی کے کیمیکلز، خصوصاً تیزابی مصنوعات کے ساتھ ملانے سے گریز کرنا ضروری ہے۔
سنک اور اس کے اردگرد کی سطحوں پر بیکنگ سوڈا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ گندگی اور چکنائی کو ڈھیلا کرنے میں مدد دیتا ہے اور داغ دھبے دور کرنے کے لیے صفائی کے عمل میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
گھر میں صفائی کے معمول کو بہتر بنانے کے لیے رات کو سونے سے پہلے سنک کو اچھی طرح صاف کرنے کی عادت اپنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ باقاعدگی سے صفائی رکھنے سے باورچی خانے میں جراثیم کی موجودگی کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
