کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ اور دیگر علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں، ایم کیو ایم رہنما
ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ میں 6 انتظامی یونٹس بنیں گے اور صوبے کے وسائل تمام علاقوں میں برابر تقسیم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ اور دیگر علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سندھ کے پیسوں پر سب کا حق ہے، عمرکوٹ، تھرپارکر، سکھر اور دیگر شہروں کو بھی ترقی دی جائے۔ ان کے مطابق نئے انتظامی یونٹس کے ذریعے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ حق ملنا چاہیے کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ وہ کیا چاہتے ہیں، اس مقصد کے لیے صاف اور شفاف ریفرنڈم بھی کرایا جاسکتا ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ یہ مسئلہ برسوں سے چلا آرہا ہے اور انتظامی یونٹس کے قیام پر عوامی رائے سامنے آنی چاہیے۔
فاروق ستار نے کراچی کے بلدیاتی ملازمین کے ریٹائرمنٹ واجبات کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ 25 ٹاؤنز کے متعدد ملازمین ریٹائر ہوچکے ہیں لیکن انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے والے واجبات ادا نہیں کیے گئے۔ ان کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں سے کٹنے والی رقم کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں جمع ہوتی رہی، اس لیے ریٹائرڈ ملازمین کو ان کا حق ملنا چاہیے۔
انہوں نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو ان کے ریٹائرمنٹ واجبات کی ادائیگی کے معاملے کو جلد حل کیا جائے اور فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ فاروق ستار کے مطابق اس معاملے میں میئر کراچی سمیت متعلقہ افسران کی ذمہ داری بھی عائد کی گئی ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ سرکاری ملازمین صوبائی ہوں یا وفاقی، اداروں پر لازم ہے کہ انہیں ملازمت سے متعلق ان کے جائز حقوق ادا کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے حقوق سے متعلق ماضی میں بھی ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلے سامنے آچکے ہیں۔
فاروق ستار نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے اختیارات سے متعلق بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر میئر کو اختیارات دیے جائیں تو بلدیاتی نظام بہتر انداز میں کام کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے مختلف شہروں کو یکساں بنیادوں پر ترقی دینے کی ضرورت ہے اور صوبے کے وسائل کی تقسیم میں تمام علاقوں کو حصہ ملنا چاہیے۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نئے انتظامی یونٹس اور بااختیار بلدیاتی نظام کے مؤقف پر قائم ہے اور اس معاملے پر سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔
