وزیراعلیٰ سندھ کی ایشین ڈولپمنٹ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین سے ملاقات، مستقبل کے اہم ترقیاتی منصوبوں پر بھی غور
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کے زیرِ التوا مسائل حل کرنے اور منصوبے کے ڈیزائن پر کام آگے بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی ایشین ڈولپمنٹ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین سے ملاقات میں کراچی سرکلر ریلوے سمیت مستقبل کے اہم ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں سندھ حکومت اور ایشین ڈولپمنٹ بینک نے کے سی آر کے لیے ٹرمز آف ریفرنس حتمی بنانے پر اتفاق کیا، جبکہ منصوبے کے لیے زمین کی دستیابی کی تصدیق کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے شہر کے لیے تبدیلی کا باعث بننے والا منصوبہ ہے۔ اراضی اور رائٹ آف وے سے متعلق مسائل حل کرنے کے لیے وفاق سے تعاون کیا جائے گا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات میں سندھ حکومت اور اے ڈی بی کے درمیان ترقیاتی شراکت داری، شہری نقل و حرکت، تعلیم، صحت اور مستقبل کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے شہری نقل و حرکت بہتر بنانے کے لیے منصوبہ بندی تیز کرنے کی ہدایت کی، جبکہ اے ڈی بی کی جانب سے سندھ میں مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
