• ستمبر 23, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 23, 2026 5:29 شام
  • پاکستان

ہسپتال انتظامیہ نے ہنگامہ آرائی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر ایف آئی آر درج کروادی۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے میڈیکل آئی سی یو میں ہنگامہ آرائی اور طبی عملے سے مریض کے لواحقین کی مبینہ بدسلوکی کا واقعہ پیش آیا، ہسپتال انتظامیہ نے ہنگامہ آرائی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر ایف آئی آر درج کروادی۔

ہسپتال ترجمان وسیم خٹک کے مطابق واقعے میں سات افراد نامزد کیے گئے ہیں، پولیس نے تمام نامزد ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ ایف آئی آر میں داود ولد عمر سنی، سبز علی ولد حسن علی، غلام محمد ولد ولی محمد، یونس خان ولد سبز علی، نجیب ولد سائلان، عمر سنی ولد حسن ولی اور رحمت اللہ ولد حسن علی کو نامزد کیا گیا ہے۔

ہسپتال ترجمان کے مطابق 21 ستمبر 2026 کو دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر میڈیکل آئی سی یو میں ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ نرسنگ ڈیسک پر عملے سے بدسلوکی کی گئی جبکہ حفاظتی شیشوں سمیت دیگر سامان کو نقصان پہنچایا گیا۔

ترجمان کے مطابق متاثرہ 14 سالہ عباس کو نیورولوجی وارڈ سے میڈیکل آئی سی یو منتقل کیا گیا تھا، مریض بچے کو مینینگٹس (گردن توڑ بخار) کا مرض تھا اور اس کی حالت تشویشناک تھی۔

ہسپتال کے مطابق سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصان کا ابتدائی تخمینہ 10 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ ترجمان ایچ ایم سی کا کہنا ہے کہ تمام نامزد ملزمان پولیس کی حراست میں ہیں جبکہ ہسپتال میں مریضوں کو علاج کی سہولیات معمول کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے