• ستمبر 11, 2026
  • Last Update ستمبر 11, 2026 12:26 صبح
  • پاکستان

گلوکار پالاش سین نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی پرانی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے دلچسپ انکشاف کیا

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی اداکاری، رقص اور مکالموں سے تو دنیا واقف ہے، لیکن اسکول کے زمانے کی ایک ایسی صلاحیت بھی ہے جس میں وہ زیادہ اچھے نہیں تھے۔ معروف گلوکار پالاش سین نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی پرانی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اداکار گانا گانے میں خاصے کمزور تھے۔

60 سالہ پالاش سین شاہ رخ خان سے ایک سال سینئر تھے اور دونوں نے دہلی کے سینٹ کولمبا اسکول میں تعلیم حاصل کی۔ گلوکار کے مطابق اسکول کے دنوں میں دونوں کے درمیان خاصی گہری دوستی تھی اور کھیلوں سمیت مختلف غیر نصابی سرگرمیوں میں وہ اکثر ساتھ نظر آتے تھے۔

یوٹیوب چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پالاش سین نے اسکول کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مختلف تقریبات میں شاہ رخ خان کی جگہ گانا گایا کرتے تھے۔ ان کے بقول شاہ رخ خان ہر لحاظ سے ایک مکمل شخصیت دکھائی دیتے تھے، تاہم گلوکاری ان کی صلاحیتوں میں شامل نہیں تھی۔

پالاش سین نے بتایا کہ دونوں کھیلوں، مباحثوں اور معلوماتی مقابلوں سمیت متعدد سرگرمیوں میں شریک ہوتے تھے، لیکن ایک ایسا کام تھا جو شاہ رخ خان نہیں کر پاتے تھے اور وہ گانا تھا۔ اسی لیے اسکول کے پروگراموں میں پالاش سین ان کے لیے اپنی آواز استعمال کرتے تھے۔

گلوکار نے ایک میوزیکل پروگرام کا خاص واقعہ بھی بیان کیا۔ ان کے مطابق اس پروگرام میں شاہ رخ خان کو ایک کردار ادا کرنا تھا، لیکن چونکہ وہ گانا نہیں گا سکتے تھے، اس لیے پالاش سین اسٹیج کے پیچھے کھڑے ہو کر ان کے حصے کا گانا خود گاتے رہے جبکہ شاہ رخ خان سامنے پرفارم کرتے رہے۔

پالاش سین نے شاہ رخ خان کو اسکول کے دور کے اپنے قریبی ترین دوستوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی دوستی اس زمانے میں بہت خاص تھی۔ ان کی اس یاد نے بالی ووڈ کے اس سپر اسٹار کے اسکول کے دنوں کا ایک دلچسپ پہلو مداحوں کے سامنے پیش کردیا ہے۔

شاہ رخ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کی تیاریوں اور ریلیز کے حوالے سے مصروف ہیں۔ فلم 24 دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے