سلیم خان کی طبعیت کی خرابی کے باعث ہیلن نے شوہر کےلیے ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ حاصل کیا
بالی ووڈ کے معروف اسکرین رائٹر سلیم خان کو ’راج کپور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا، تاہم وہ تقریب میں شریک نہیں ہوسکے۔ ان کی اہلیہ اور اداکارہ ہیلن نے ممبئی میں ہونے والی 62ویں مہاراشٹرا اسٹیٹ فلم ایوارڈز تقریب میں ان کی جانب سے ایوارڈ وصول کیا۔
تقریب کے موقع پر ہیلن نے سلیم خان کی صحت کے حوالے سے مداحوں کو اطمینان بخش خبر بھی دی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ سلیم خان کی طبیعت اب بہت اچھی ہے اور وہ مضبوط ہیں۔
ہیلن نے شوہر کی جانب سے ایوارڈ پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سلیم خان ان تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جو ان کی صحت اور خیریت کے بارے میں فکرمند رہے۔ انہوں نے مہاراشٹرا اور بھارت کے عوام کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سلیم خان کو رواں برس فروری میں دماغ میں خون بہنے کے باعث ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا اور احتیاطاً وینٹی لیٹر سپورٹ بھی دی گئی۔ بعد ازاں طبی طریقہ کار کے بعد ان کی حالت بہتر ہوئی اور انہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا تھا۔
اس مشکل وقت میں سلمان خان، ہیلن، ارباز خان اور الویرہ خان سمیت خاندان کے افراد اسپتال میں موجود رہے، جبکہ شاہ رخ خان، عامر خان اور جاوید اختر سمیت کئی معروف شخصیات بھی ان کی عیادت کے لیے پہنچیں۔
اسی تقریب میں اداکارہ رانی مکھرجی کو بھی خصوصی خدمات کے اعتراف میں ’اسپیشل کنٹری بیوشن ایوارڈ‘ دیا گیا۔
