• ستمبر 22, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 22, 2026 10:38 شام
  • پاکستان

وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جہاں نئی حکمت عملی پر اختلاف سامنےآیا، ذرائع

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا لائحمہ عمل تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نئی حکمت عملی پر پارٹی میں اختلاف سامنے آیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا اور اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے پارٹی قیادت نے ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں سے مشاورت کی، جہاں پارٹی قیادت نے 27 ستمبر کو پنجاب کی سرحد پر دھرنے اور مرحلہ وار اسلام آباد کی جانب بڑھنے کی تجویز پیش کی جبکہ ارکان اسمبلی اور کچھ رہنماوں نے 27 ستمبر کو ہی اسلام آباد کی طرف بڑھنے کی پر اصرار کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس کو بتایا گیا احتجاج روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے جڑواں شہروں اسلام آباد اور پنڈی کو بند کرکے پی ٹی آئی کو پہلی کامیابی دلا دی ہے۔

پارٹی کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ 27 ستمبر کو براہ راست اسلام آباد کی جانب بڑھنے کے بجائے پنجاب کی سرحدوں پر دھرنے دیے جائیں گے، اٹک پل، موٹروے پر حضرو کے قریب، ہری پور، کوہاٹ میں خوش حال گڑھ اور نتھیا گلی کے مقامات کو بند کیا جائے گا اور اگتوبر کے پہلے ہفتے اسلام آباد کی جانب بڑھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے اجلاس کو بتایا کہ دھرنے دینے سے بھی وفاقی حکومت پر دباؤ بڑھایا جاسکتا ہے لیکن اجلاس میں بعض ارکان اسمبلی نے 27 ستمبر کو ہی اسلام آباد کی جانب بڑھنے کی تجویز دی اور اصرار کیا ہے کہ 27 ستمبر کا احتجاج محدود نہ کیا جائے تاہم دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں احتجاج کی حکمت عملی پر اتفاق رائے نہ ہوسکا اور دوبارہ 25 ستمبر کو اجلاس میں حتمی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے بھی یہ کہا جاچکا ہے کہ ہم ٹی ٹوئنٹی نہیں بلکہ ٹیسٹ میچ کھیلنے جا رہے ہیں، اس بیان سے لگتا ہے کہ اسلام آباد پہنچنے کا وقت دیا جائے گا۔

پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی قیادت کا حتمی فیصلہ ہے کہ 27 ستمبر کو پشاور سے لانگ مارچ کیا جائے گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پشاور سے قافلہ روانہ ہوگا جو جی ٹی روڈ کے ذریعے اٹک کے مقام تک جائے گا تاہم آگے کا لائحہ عمل 25 ستمبر کو دیا جائے گا۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے