ویڈیو میں نوجوان کو ٹکر مارنے والی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سے ایک کم عمر ڈرائیور کو اترتے ہوئے دیکھا گیا
شارع فیصل میٹروپول کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان ذیشان کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں نوجوان کو ٹکر مارنے والی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سے ایک کم عمر ڈرائیور کو اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب آرٹلری میدان تھانے کے علاقے شارع فیصل میٹرو پول کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 19 سالہ نوجوان ذیشان کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں متوفی نوجوان کو ٹکر مارنے والی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سے ایک کم عمر نوجوان ڈرائیور کو اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، گاڑی سے اترنے والا نوجوان سڑک پر پڑے زخمی نوجوان کے پاس جاتا ہے اور اسے چیک بھی کرتا ہے۔ اس دوران ایک اور شہری بھی زخمی نوجوان کے پاس پہنچ جاتا ہے۔
سیاہ رنگ کی گاڑی نے جب موٹر سائیکل نوجوان کو ٹکر ماری تو اس وقت گاڑی میں ایک خاتون بھی سوار تھی، حادثے کے فوری بعد خاتون ڈرائیونگ سیٹ پر آگئی اور خاتون کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ گاڑی وہ چلا رہی تھی اور ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی موجود ہے تاہم سی سی ٹی فوٹیج میں واضح ہے کہ گاڑی خاتون نہیں بلکہ کم عمر نوجوان لڑکا چلا رہا تھا جو کہ حادثے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔
حادثے کے بعد پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لینے کے بعد خاتون کو بھی حراست میں لے کر ویمن تھانے منتقل کر دیا تھا بعدازاں ٹریفک حادثے میں نوجوان کی ہلاکت کے واقعے کا مقدمہ آرٹلری میدان تھانے میں درج کر لیا گیا۔
مقدمے میں کم عمر کار ڈرائیور کو بھی نامزد کیا گیا، مقدمے میں ملزم ڈرائیور کی ساتھی خاتون کو پولیس کو گمراہ کرنے کے الزام میں نامزد کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور ملزم ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
