• ستمبر 19, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 19, 2026 7:09 صبح
  • پاکستان

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے

مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران 9 زخمیوں سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 16 جرمنی گراؤنڈ کے قریب پولیس مقابلے میں 4 ملزمان زخمی ہوئے، جنہیں ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایدھی حکام کے مطابق زخمیوں کی شناخت 25 سالہ حمزہ ولد ہارون، 35 سالہ جان شیر ولد ممتاز خان، 26 سالہ نعمان ولد اشرف اور 22 سالہ جلیل ولد عبدالستار کے نام سے ہوئی۔

ادھر ترجمان ساؤتھ پولیس کے مطابق ڈیفنس سی آر پٹہ کے قریب دوران گشت مشتبہ موٹر سائیکل سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا جبکہ اس کے 3 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے۔ گرفتار زخمی ملزم کی شناخت جاوید ولد عبدالمرجان کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے 30 بور پستول اور راؤنڈز برآمد کیے گئے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ سینٹرل میں نارتھ ناظم آباد ریلوے پھاٹک کے سامنے، سائما برج ویو بلاک بی کے قریب پولیس اور مشتبہ اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں شاہ رخ خان ولد شاہ میر احمد نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اس کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے۔

ادھر جمعے کی شب فیڈرل بی ایریا بلاک 5 میں شاہین فورس کے اہلکاروں کا دو مسلح ڈاکوؤں سے مبینہ مقابلہ ہوا، فائرنگ کے دوران موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا ملزم زخمی ہوگیا تاہم اس کا ساتھی اسے لے کر فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے زخمی ملزم کی تلاش کے لیے مختلف اسپتالوں میں چیکنگ کی۔

پولیس کے مطابق زخمی شخص بعدازاں عباسی شہید اسپتال کی ایمرجنسی پہنچا اور ابتدائی طور پر لیاقت آباد میں ڈکیتی کے دوران زخمی ہونے کا مؤقف اختیار کیا، تاہم شاہین فورس کے اہلکاروں نے پہنچ کر اس کی شناخت سعد ولد اسماعیل کے نام سے کرلی اور اسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کا اسپتال میں علاج جاری ہے جبکہ اس کے فرار ساتھی کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

مزید برآں سعید آباد پولیس کے مطابق بلدیہ سیکٹر ایف 1.9 میں الطاہر مسجد کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت صدام حسین ولد عبدالرحمان اور عبدالیاسر ولد مستقیم کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق ان کے ایک ساتھی نے موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 2 پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے