ایکسپریس سے گفتگو میں نور زمان نے کہا کہ قومی کوچ فہیم گل کی زیر نگرانی پاکستان اسکواش ٹیم نے بھرپور تربیت کی ہے
20ویں ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں عالمی انڈر 23 اسکواش چیمپئن نورزمان اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا قومی دستہ کی قیادت کرتے ہوئے مشترکہ طور پرپاکستان کا جھنڈا اٹھائیں گے۔
جاپان کے شہر ناگویا میں 30 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے میزوہو پارک ایتھلیٹک اسٹیڈیم میں ہفتہ کو افتتاحی تقریب میں گیمز میں شریک ممالک کے17 ہزار کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کریں گے۔
دریں اثنا سابق عالمی اسکواش چیمپئین قمر زمان کے پوتے اور عالمی کھلاڑی نور زمان نے افتتاحی تقریب میں قومی جھنڈا تھامنے کو اعزاز قرار دیتے ہوئے نامزدگی پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے اظہار تشکر کیا ہے۔
ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے نور زمان نے کہا کہ قومی کوچ فہیم گل کی زیر نگرانی پاکستان اسکواش ٹیم نے بھرپور تربیت کی ہے اور قومی امکان ہے کہ پاکستان ایشین گیمز میں اسکواش ایونٹ جیت کر گولڈ میڈل پانے میں کامیاب رہے گا، قومی اسکوش ٹیم گیمز میں شرکت کے لیے جمعرات کو جاپان روآنہ ہوگی۔
پاکستان مینز اسکواش ٹیم محمد حمزہ خان، محمد اشہب عرفان، ناصر اقبال، نورزمان پر مشتمل ہے جبکہ قومی ویمن اسکواش ٹیم میں پشاور سے تعلق رکھنے والی علی سسٹرز کے نام سے معروف تین سگی بہنیں ماہ نور علی، سحرش علی، مہوش علی اور سماعت اور قوت گویائی سے محروم پشاور ہی کی ثنا بہادر شامل ہیں۔
ٹیم کے ہمراہ 3آفیشلز پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری عامر نواز ،شیر بہادر(ٹیم لیڈر) اور فہیم گل (کوچ)شامل ہیں۔
