اسلام آباد میں محبت کی یادگار، صوبیہ محل کی دلچسپ داستان
سو سال تک نظروں سے اوجھل مینڈک کی نئی نسل
چور کا خوف، شہری اپنی گاڑی چھت پر لے گیا، ویڈیو وائرل
دوران پرواز مسافر کو ہنگامہ کرنا مہنگا پڑ گیا
فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اولیویا اوراس کاسمیٹک سرجری کے عمل کے دوران مبینہ پیچیدگیوں کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اولیویا فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی کے ایک نجی بیوٹی کلینک میں کاسمیٹک طریقۂ کار سے گزر رہی تھیں۔ اس عمل سے قبل جیسے ہی انہیں بے ہوشی کی دوا دی گئی، وہ اپنا ہوش کھو بیٹھیں۔ حالت بگڑنے پر انہیں فوری طور پر قریب واقع اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
اولیویا کے والدین، ریجو اوراس اور جوہانا اوراس نے بھی بیٹی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بے ہوشی کی دوا دیے جانے کے بعد اسپتال میں زیرِ علاج تھی جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئی۔
والدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بیوٹی کلینک کے عملے سے کاسمیٹک سرجری کے دوران کوئی سنگین غلطی سرزد ہوئی ہے جس کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔
ہیلسنکی پولیس کا کہنا ہے کہ اولیویا کے انتقال کے تین روز بعد واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کی درخواست موصول ہوئی، جس کے بعد مبینہ جرم اور غفلت کے پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تاہم پولیس کے مطابق معاملہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
واضح رہے کہ اولیویا اوراس نے انتہائی کم عمری میں بطور انفلوئنسر شہرت حاصل کی تھی۔ انہوں نے محض 14 سال کی عمر میں انسٹاگرام پر مواد شیئر کرنا شروع کیا اور ہزاروں فالوورز بنائے۔
2016 میں ان کی زندگی اور سوشل میڈیا سے ان کے تعلق پر مبنی ایک دستاویزی فلم ’دی پرفیکٹ سیلفی‘ منظرِ عام پر آئی تھی جس نے انہیں مزید مقبولیت دی۔
بعد ازاں انہوں نے اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کر دیا تھا اور 2017 میں ایمسٹرڈیم منتقل ہو گئی تھیں۔ فن لینڈ واپسی کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ، نیند کی گولیوں اور شراب کی لت کا شکار ہو گئی تھیں، تاہم انہوں نے باقاعدہ علاج کرا کر اپنی زندگی کو دوبارہ معمول پر لانے کی بھرپور کوشش کی تھی۔
