کیماڑی اور بلدیہ ٹاؤن میں ہونے والا فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر پیش آیا
کیماڑی ، سرجانی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن میں فائرنگ اور تیز دھار آلے کے وار سے پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے، کیماڑی اور بلدیہ ٹاؤن میں ہونے والا فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق جیکسن کے علاقے کیماڑی شیریں جناح کالونی ٹاپو نورخدا مسجد کے قریب فائرنگ ایک شخص زخمی ہوگیا، زخمی ہونے ولے شخص کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او جیکسن نوید سومرو نے بتایا کہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ حسن زیب ولد اورنگزیب کے نام سے کی گئی، زخمی ہونے والا شخص پولیس اہلکار ہے اور صدر تھانے میں تعینات ہے۔
واقعے کے مطابق حسن زیب منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً چار اور ساڑھے چار بجے کے درمیان سادہ لباس کپڑوں میں اپنے گھر جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی جس پر اس نے مزاحمت کی تو ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہوگئے، زخمی ہونے والے شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سرجانی ٹاؤن کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی میں تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص زخمی ہوگیا، زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 43 سالہ آصف ولد منظور کے نام سے کی گئی، واقعے ذاتی رنجش کا شاخسانہ لگتا ہے، پولیس تحقیقیات کر رہی ہے۔
بلدیہ ٹاؤن کے علاقے 3 نمبر صدیقی مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا، زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ عظیم ولد غلام عباس کے نام سے کی گئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر پیش آیا، علاقہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
