پولیس نے دونوں واقعات کے بعد خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے
جنوبی افریقا کے دو بڑے شہروں جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن کے قریب چند گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے دو الگ واقعات میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔
پہلا واقعہ ہفتے کی رات جوہانسبرگ کے جنوب مغرب میں واقع ویڈیلا ٹاؤن شپ کے ایک بار میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق 8 مسلح افراد نے بار میں موجود افراد پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 13 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے پہلے بار کے باہر موجود لوگوں کو نشانہ بنایا اور پھر اندر داخل ہوکر بھی فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد مشتبہ افراد نے دو گاڑیوں کو آگ لگائی اور فرار ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ حملے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے اور دونوں واقعات میں اب تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔
دوسرا واقعہ اتوار کی علی الصبح کیپ ٹاؤن کے قریب لَونڈلے ٹاؤن شپ میں ایک تفریحی مقام پر پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے موجود افراد پر فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں 10 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔ پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ مزید پانچ نے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان گنوائی۔
پولیس نے دونوں واقعات کے بعد خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔ حکام کے مطابق فائرنگ کے محرکات کا بھی تعین کیا جارہا ہے۔ جنوبی افریقا میں یہ واقعات ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ملک میں مسلح جرائم اور فائرنگ کے واقعات ایک مسلسل مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔
یہ دونوں حملے چند روز قبل ڈربن کے قریب ایک گھر میں ہونے والی پارٹی کے دوران فائرنگ کے واقعے کے بعد سامنے آئے ہیں، جس میں 11 افراد، جن میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل تھی، ہلاک ہوئے تھے۔ تازہ واقعات نے جنوبی افریقا میں مسلح تشدد اور جرائم پر ایک بار پھر تشویش بڑھا دی ہے۔
