نئے قواعد پاکستان میں سوشل میڈیا سے آمدن حاصل کرنے والے رہائشی افراد پر لاگو ہوں گے، ایف بی آر
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے سوشل میڈیا سے آمدن حاصل کرنے والوں کے لیے ٹیکس کا خصوصی طریقہ متعارف کراتے ہوئے انکم ٹیکس رولز میں نیا باب شامل کردیا ہے۔
ایف بی آر سے جاری نئے قواعد کے مطابق ٹیکس کیلئے سوشل میڈیا آمدن سے اخراجات کی زیادہ سے زیادہ 30 فیصد تک کٹوتی ہو گی اور کم از کم قابل ٹیکس آمدن کا حساب مجموعی آمدن میں سے قابل قبول اخراجات نکال کر کیا جائے گا۔
ایف بی آر نے بتایا کہ نئے قواعد پاکستان میں سوشل میڈیا سے آمدن حاصل کرنے والے رہائشی افراد پر لاگو ہوں گے، اصل آمدن مقررہ حد سے کم ہونے کی صورت میں کم آمدن کا ثبوت کمشنر کو دینا ہوگا۔
قواعد کے مطابق سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی مجموعی آمدن کا حساب ویوز اور حقیقی آمدن کی بنیاد پر ہو گا، سوشل میڈیا آمدن کا حساب فی ہزار ویوز کی آمدن کے ذریعے بھی کیا جائے گا، حقیقی طور پر ملنے والی آمدن نقد یا کسی اور شکل میں ہو تو اسے بھی حساب میں شامل کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ ایڈوانس ٹیکس ہر سہ ماہی میں ایڈوانس ٹیکس ادا کرنا ہو گا، ریٹرن میں ڈیکلریشن انکم ٹیکس ریٹرن میں الگ حصے میں سوشل میڈیا کی آمدن ظاہر کرنی ہو گی، اگرآمدن کم بتائی تو کمشنر درست کر سکتا ہے۔
ایف بی آر نے مزید بتایا کہ قانون کا اطلاق سوشل میڈیا پلیٹ فارم، سوشل میڈیا کانٹینٹ اور ریمنریٹو کانٹینٹ پر ہو گا۔
