حیدرآباد، ٹنڈوآدم میں کارکنان کو پریشان کیا گیا،سکھر روہڑی میں استقبال کیلیے آئے لوگوں کو پلیٹ فارم آنے نہیں دیا گیا
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی عوام پر جگا ٹیکس ہے اسے فوری ختم کیا جائے، حکومت اپنی کرپشن اور نااہلی چھپانے کے لیے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال رہی ہے حکومت ایک لیٹر پیٹرول پر 135 روپے ٹیکس وصول کر رہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ٹرین مارچ کے دوران خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایف بی آر کے عملے کی کرپشن 1300 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ حکومتی اخراجات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے عوام سے وصول کیا جانے والا پیسہ حکمرانوں کی عیاشیوں پر خرچ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس 11 ارب روپے کے جہاز ہیں جبکہ غریب اور مڈل کلاس عوام مہنگائی تلے دبے ہوئے ہیں پیٹرولیم لیوی کا عالمی مارکیٹ کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں، حکومت فوری طور پر لیوی ختم کرے، عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھیں تو پوری دنیا کے لیے بڑھتی ہیں، پاکستان میں عوام پر ہی اضافی بوجھ کیوں ڈالا جا رہا ہے۔ پیٹرول کی قیمت کم کی جائے تاکہ کرائے اور روزمرہ استعمال کی اشیاء سستی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک کا واحد مطالبہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ اور عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہے، حکومت کو یہ فیصلہ کرنا پڑے گا، ٹرین مارچ جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے اور عوام بڑی تعداد میں تحریک کا ساتھ دے رہے ہیں شدید گرمی اور حبس کے باوجود کارکنان اکانومی کلاس میں سفر کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مارچ میں چاروں طرف سے عوام شریک ہوں گے، حکومت راستے بند کرکے عوام کو نہیں روک سکتی اسلام آباد کو کنٹینرز سے بند کرکے حکومت عوام اور معیشت دونوں کو نقصان پہنچا رہی ہے کنٹینرز میں موجود خوراک خراب ہو رہی ہے، حکومت کو عوامی مشکلات کا احساس کرنا چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کنٹینر لگانے کے بجائے عوام کو ریلیف دے شہروں کو بند نہ کیا جائے بلکہ انسانوں کی شاہراہیں، معیشت کی شاہراہیں، تعلیم اور روزگار کی شاہراہیں کھولی جائیں۔
انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کی حمایت کا دعویٰ کرتی ہے لیکن جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں حیدرآباد میں جماعت اسلامی کے استقبال میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، ٹنڈو آدم میں بھی کارکنان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سکھر اور روہڑی میں استقبال کے لیے آنے والے قافلوں کو پلیٹ فارم تک نہیں جانے دیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی بتائے کہ وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج میں رکاوٹیں کیوں کھڑی کی جا رہی ہیں؟ پیٹرول کی قیمت اور مہنگائی پورے ملک کا مسئلہ ہے، اس احتجاج میں سب کو سہولت دینی چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی رکاوٹیں ڈالنے کے بجائے ٹرین مارچ کو سہولت فراہم کرے، جماعت اسلامی اس رویے کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔
