9 سالہ عرصے پرمحیط 100 بیجزکی تربیت کو ادارے کےلیے اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے
میری ٹائم ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں گلوبل میری ٹائم ڈسٹرس اینڈ سیفٹی سسٹم(جی ایم ڈی ایس ایس) کے 100 بیجز کی تربیت مکمل ہونے پر ڈائمنڈ جوبلی تقریب کا انعقاد اوریادگاری کیک کاٹا گیا۔
شہرمیں مرچنٹ نیوی کی تربیت کےاہم ادارے میری ٹائم ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ تقریب میں ایم ٹی آئی کےپرنسپل ٹریننگ کیپٹن راشد سمیت دیگر افسران اورمتعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔
گلوبل میری ٹائم ڈسٹرس اینڈ سیفٹی سسٹم کے100بیجزمیں 1500سےزائد امیدواروں نےتربیتی کورس مکمل کیا، 9 سالہ عرصے پرمحیط 100 بیجزکی تربیت کو ادارے کےلیے اہم سنگ میل قرار دیا گیا کیونکہ اس کورس میں حصہ لینے والے افراد ملکی و بین الاقوامی جہاز رانی کی صنعت میں کلیدی کرداراداکررہےہیں،
اس موقع پرایکسپریس نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن راشد کا کہنا تھا کہ مذکورہ کورس بحری جہازوں پرناٹیکل ذمہ داریوں سےمنسلک عملے کے ہرفرد کی لازمی تربیت کا حصہ ہے، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران مذکورہ عملہ بحری جہاز کو کسی بھی ہنگامی یا نامساعد صورتحال میں مواصلاتی نظام کےذریعےامداد طلب کرنے اورمتعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سےآگاہ کرنے کی ذمہ داری انجام دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ ذمہ داری ریڈیوسگنل کہلاتی تھی مگراب جدید آلات کےذریعے ہر بحری جہازپرنصب ہوتا ہے۔
