تھانوں کے رجسٹرز اور سرکاری ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا
وزیر داخلہ سندھ کی ہدایت پر ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے رات گئے شہر قائد کے مختلف تھانوں کا سرپرائز دورہ کیا اور پولیس کی کارکردگی، انتظامی امور اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ نے سولجر بازار، ٹیپو سلطان، نیو ٹاؤن اور پی آئی بی تھانوں کا اچانک دورہ کیا۔
اس دوران تھانوں کے رجسٹرز اور سرکاری ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا اور ریکارڈ کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
زبیر نذیر شیخ نے تھانوں کی صفائی، مالخانے، کوت، لاک اپ اور دفاتر کا بھی معائنہ کیا اور انتظامی امور مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔
ایس ایس پی ایسٹ نے ڈیوٹی افسران اور محرران سے تھانوں کی ورکنگ اور درج مقدمات سے متعلق معلومات حاصل کیں جبکہ تھانوں کی نفری، پولیس پکٹس اور وہاں تعینات اہلکاروں کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔
دورے کے دوران ایس ایس پی ایسٹ نے سائلین سے ملاقات کرکے ان کے مسائل براہ راست سنے اور متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔
ترجمان کے مطابق دورے کے اختتام پر زبیر نذیر شیخ نے اپنے تاثرات اور ضروری ہدایات رجسٹر نمبر 13 میں درج کردیں۔
