جدید ریسکیو گاڑیاں جدید ترین آلات سے لیس ہیں اور 256 فٹ کی بلندی تک آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں
اسلام آباد ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے لیے 17 برس بعد 21 نئی گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئیں، نئی گاڑیاں چین سے پاکستان منگوائی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی پورٹ کا دورہ کیا اور اسلام آباد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے لیے آنے والی نئی گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ انہیں نئی گاڑیوں اور ان کی صلاحیتوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی ریسکیو گاڑیاں 5 روز میں کراچی سے اسلام آباد پہنچ جائیں گی، جن میں 4 فائر ایریل ٹرک، 6 فائر ٹاورز اور 5 فائر ٹینکس شامل ہیں۔ جدید ریسکیو گاڑیاں جدید ترین آلات سے لیس ہیں اور 256 فٹ کی بلندی تک آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے لیے نئی گاڑیوں کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، نئی گاڑیوں کی شمولیت 2009 کے بعد بڑا اضافہ ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نئی گاڑیوں کی جلد فراہمی پر چین کی حکومت کے شکر گزار ہیں، جدید ریسکیو گاڑیاں اسلام آباد کے 6 اسٹیشنز میں ہمہ وقت موجود رہیں گی۔
دورے کے موقع پر چیف کلکٹر کسٹمز اپریزیمنٹ ساؤتھ، کلکٹر اپریزیمنٹ ایسٹ، ایڈیشنل کلکٹر اپریزیمنٹ ایسٹ، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد، ڈائریکٹر سی ڈی اے اور این ایل سی کے نمائندے بھی موجود تھے۔
