ایک ماہ کے شیر خوار کو کئی بار بیچ دیا گیا، والدین سمیت 7 افراد گرفتار
باپ کی لاش چار سال تک فریج میں کیوں رکھی؟ خاندان نے حیران کن وجہ بتادی
خلائی مخلوق یا دیوہیکل جہاز؟ اسٹار شپ کی لائیو اسٹریم میں پُراسرار’یو ایف او‘ کی جھلک وائرل
امریکا میں 200 سال بعد سزائے موت پانی والی خاتون نے 2 بار موت کا چکما دے دیا
نئی دہلی(2 اکتوبر 2026): معروف بھارتی فلم ساز کرن جوہر نے بھارت کی بیرونی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ یعنی ’را‘ کے بانی اور پہلے سربراہ رامیشور ناتھ کاؤ (آر این کاؤ) کی زندگی پر مبنی ایک نئی فلم بنانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
دھرما پروڈکشنز اور لیو میڈیا کلیکٹو کی مشترکہ پیشکش یہ فلم 11 اگست 2028 کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فلم کا یہ اعلان ایسے دن کیا گیا جب بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اپنے قیام کے 58 سال مکمل کر رہی ہے۔
فی الحال اس فلم کا عنوان ظاہر نہیں کیا گیا ہے، اور نہ ہی اس کے ہدایت کار یا کاسٹ کے حوالے سے کوئی نام سامنے آیا ہے، تاہم رپورٹس کے مطابق مرکزی کردار کے لیے ایک معروف اداکار کو شامل کیے جانے کی تیاری ہے۔
کرن جوہر نے فلم کا اعلان کرتے ہوئے آر این کاؤ کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے پردے کے پیچھے رہ کر ایک ایسے طاقتور ادارے کی بنیاد رکھی جسے آج دنیا ’را‘ کے نام سے جانتی ہے۔
یہ فلم نامور صحافی اور اسٹریٹجک امور کے تجزیہ کار نیتن گوکھلے کی 2019 میں شائع ہونے والی مقبول کتاب ’’جینٹل مین اسپائی ماسٹر‘‘ پر مبنی ہوگی، جس میں آر این کاؤ کے کیریئر اور ہندوستان کے بیرونی خفیہ نظام کی تشکیل کا احاطہ کیا گیا ہے۔
فلم کی کہانی 1955 سے 1971 کے تاریخی دور کا احاطہ کرے گی، جس میں ان حالات و واقعات کو دکھایا جائے گا جن کے باعث ’را‘ کے قیام کی ضرورت محسوس ہوئی، پھر ادارے کی باقاعدہ تشکیل اور 1971 کی جنگ کے دوران اس کے پہلے بڑے مشن تک کے سفر کو پردہ اسکرین پر پیش کیا جائے گا۔
دھرما پروڈکشنز کے مطابق لیو میڈیا کلیکٹو پچھلے دو سال سے اس کہانی پر گہری تحقیق اور اسے فلمی شکل دینے میں مصروف تھی۔
واضح رہے کہ رامیشور ناتھ کاؤ کو 1968 میں ’را‘ کے قیام کے وقت اس کا پہلا سربراہ مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے 1977 تک اس ادارے کی قیادت کی۔ اس سے قبل وہ انٹیلی جنس بیورو سے وابستہ رہ کر مختلف اہم خفیہ امور انجام دے چکے تھے۔
آر این کاؤ کی زندگی پر بننے والی اس فلم کا پہلا اعلان جنوری 2020 میں کیا گیا تھا، تاہم طویل عرصے تک پیش رفت نہ ہونے کے بعد اب چھ سال بعد اس کی باضابطہ ریلیز تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔ دھرما پروڈکشنز اور لیو میڈیا کلیکٹو اس سے قبل ’بیڈ نیوز‘ جیسے پراجیکٹس پر بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔
