متوفی نوجوان مکان نمبر ڈی 8 لیبر اسکوائر نیو کراچی سیکٹر 16 بی کا رہائشی تھا
شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران کم عمر لڑکے اور پولیس اہلکارسمیت 3 افراد جاں بحق ایک کم عمرلڑکا زخمی ہوگیا۔
اتوار کی صبح گڈاپ سٹی تھانے کےعلاقے سپرہائی وے ٹول پلازہ حلال ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوارنوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی کی شناخت 28 سالہ فاروق شاہ ولد عبدالحمید شاہ کے نام سے کی گئی۔
متوفی نوجوان مکان نمبر ڈی 8 لیبر اسکوائر نیو کراچی سیکٹر 16 بی کا رہائشی تھا، پولیس کے مطابق متوفی نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ گومنے پھرنے نکلا ہوا تھا کہ سپرہائی وے ٹول پلازہ حلال ہوٹل کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکرسے جاں بحق ہوا۔
متوفی نوجوان کے اہلخانہ کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے،پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی نوجوان کی لاش اس کے سگے بھائی بلال شاہ کے سپرد کردی۔
ادھر جمشید کوارٹر تھانے کے علاقےنیوایم اے جناح روڈ پراسلامیہ کالج کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک کم عمر لڑکا جاں بحق دوسرا شدید زخمی ہوگیا جنہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کم عمرلڑکے کی شناخت 14 سالہ بلال ولدعرفان اورزخمی کم عمرلڑکے کی شناخت 15 سالہ امان ولد افضل کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او جمشید کوارٹر عمران آفریدی کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی کم عمر لڑکے پی آئی بی کالونی کے رہائشی ہیں اورحادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے۔
پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی کم عمر لڑکے کی لاش ورثا کے حوالے کردی، کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے میں واقع شاہربھٹوپرکے آئی اے ٹول پلازہ سے ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے پر موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار تیز رفتاری کے باعث سڑک کنارے کھڑے واٹر ٹینکر سے ٹکرا گیا جس کے باعث موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکارموقع پر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی پولیس اہلکارکی شناخت 24 سالہ محمد عالیان طارق ولد محمد طارق کے نام سے کی گئی۔
متوفی پولیس اہلکارملی کھوکھراپار کا رہائشی اور آر آر ایف ہیڈ کوارٹرمیں تعینات تھا، ایس ایچ او کے آئی اے حکم داد کے مطابق متوفی پولیس اہلکار ملیر کھوکھراپار میں اپنی رہائش سے ڈیوٹی پر آر آر ایف ہیڈ کوارٹرجا رہا تھا کہ شاہر بھٹو پر سڑک کنارے کھڑے واٹرٹینکرسے عقب سے ٹکرا گیا اورموقع پر جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی پولیس اہلکار کی لاش ورثاء کے حوالے کردی۔
