پاکستان آئندہ برس ورلڈ کپ کے پیش نظر زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کا خواہاں ہے
پاکستان میں آئندہ سال جنوری میں شیڈول سہ ملکی ون ڈے سیریز کا منصوبہ تبدیل ہونے کا امکان ہے کیونکہ زمبابوے کے سیریز میں شرکت نہ کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق زمبابوے کی عدم شرکت کی وجہ تجارتی معاملات ہیں جبکہ دونوں فریق کسی متبادل وقت میں سیریز کے انعقاد پر غور کر رہے ہیں۔
ابتدائی شیڈول کے مطابق پاکستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان جنوری 2027 میں ون ڈے سیریز ہونا تھی تاہم اب امکان ہے کہ اسے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دو طرفہ وائٹ بال سیریز تک محدود کردیا جائے۔
آئرلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کی تجویز بھی زیر غور تھی لیکن موجودہ صورتحال میں اس کے انعقاد کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔
کرکٹ آئرلینڈ کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئرلینڈ کرکٹ دورے کے نئے شیڈول پر کام کر رہے ہیں اور تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
پاکستان آئندہ برس ورلڈ کپ کے پیش نظر زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کا خواہاں ہے۔
دوسری جانب آئرلینڈ فروری میں ورلڈ کپ کوالیفائرز کی تیاری کر رہا ہے اس لیے پاکستان کے خلاف مجوزہ ون ڈے سیریز اس کے لیے بھی اہم ہوگی۔
