لندن: پاکستانی سرجن نے برطانیہ میں سنگل پورٹ روبوٹک گائناکولوجیکل سرجری میں نئی تاریخ رقم کردی۔
برٹش پاکستانی کنسلٹنٹ گائناکولوجسٹ اور روبوٹک سرجن ڈاکٹر عامر رضا نے برطانیہ میں سنگل پورٹ روبوٹک گائناکولوجیکل سرجری متعارف کرا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ڈاکٹر عامر رضا کی قیادت میں روبوٹک سرجری کا پروگرام اب کامیابی سے 400 سے زائد آپریشنز مکمل کر چکا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے یہ پروگرام برطانیہ میں خواتین کے امراضِ نسواں کے طبی علاج کے طریقۂ کار کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
نشتَر میڈیکل کالج، ملتان سے فارغ التحصیل ڈاکٹر عامر رضا اور لندن کے کرام ویل اسپتال میں ان کی ٹیم نے سنگل پورٹ روبوٹک سرجری کو نسبتاً سادہ نوعیت کے غیر سرطانی گائناکولوجیکل آپریشنز سے آگے بڑھا کر اینڈومیٹریوسس کے انتہائی پیچیدہ آپریشنز تک پہنچا دیا ہے، اس طرح یہ پروگرام جدید روبوٹک سرجری، تربیت اور سرجیکل مشاہدے کے ایک اہم بین الاقوامی مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔
روایتی ملٹی پورٹ روبوٹک سرجری کے برعکس جس میں عام طور پر پیٹ پر کئی چیرے لگانے پڑتے ہیں، سنگل پورٹ روبوٹک سرجری میں کیمرہ اور متعدد روبوٹک آلات پیٹ میں بنائے گئے صرف ایک راستے سے داخل ہو کر کام کرتے ہیں۔
ڈاکٹر عامر رضا کو برطانوی میڈیا میں انہیں سنگل پورٹ روبوٹک گائناکولوجیکل سرجری کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر سراہا جارہا ہے۔ وہ آپریشن تھیٹر جہاں ڈاکٹر رضا اور ان کی ٹیم سنگل پورٹ روبوٹک طریقے سے پیچیدہ آپریشنز انجام دیتی ہے، اب بین الاقوامی تربیت اور سرجیکل مشاہدے کا مرکز بھی بن چکا ہے، یہاں برطانیہ اور یورپ کے علاوہ امریکا اور دنیا کے دیگر ممالک سے بھی سرجن آتے ہیں۔
ڈاکٹر عامر رضا کا جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ برطانیہ اور بیرونِ ملک سے 100 سے زائد سرجن ہمارے مرکز کا دورہ کر چکے ہیں تاکہ سنگل پورٹ روبوٹک گائناکولوجیکل سرجری کے بارے میں سیکھ سکیں۔ سرجن اور کنسلٹنٹس لندن آتے ہیں، ہمیں پیچیدہ سنگل پورٹ روبوٹک آپریشنز کرتے ہوئے دیکھتے ہیں، تجربات کا تبادلہ کرتے ہیں اور سیکھتے ہیں کہ گائناکولوجیکل سرجری کے انتہائی مشکل کیسز میں اس ٹیکنالوجی کو کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر رضا نے ایک اور اہم اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔
وہ برطانیہ میں روبوٹک سرجری اور جدید اینڈومیٹریوسس کیئر کے پہلے ماسٹر سرجن بن گئے ہیں۔ انہیں روبوٹک سرجری اور پیچیدہ اینڈومیٹریوسس کے علاج میں ان کے نمایاں کام کے اعتراف میں دو باوقار ماسٹر سرجن ایکریڈیٹیشنز دی گئی ہیں۔
اس کے ساتھ وہ یورپ کے واحد کنسلٹنٹ بن گئے ہیں جن کے پاس اس نوعیت کی 2 ماسٹر سرجن ایکریڈیٹیشنز ہیں۔
یہ ایکریڈیٹیشنز امریکا میں قائم سرجیکل ریویو کارپوریشن (SRC) نے ڈاکٹر رضا کی سرجیکل پریکٹس، مریضوں کے نتائج، پیچیدگیوں، انتظامی نگرانی اور مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کے بیرونی جائزے کے بعد دی ہیں۔
یہ تازہ کامیابی صرف 3 سال بعد سامنے آئی ہے جب ڈاکٹر رضا نے اینڈومیٹریوسس کے علاج کے لیے جدید ڈا ونچی روبوٹک سرجری کی قیادت کرتے ہوئے ایک اور ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اینڈومیٹریوسس ایک ایسی بیماری ہے جو خواتین کی صحت اور زرخیزی کو شدید متاثر کر سکتی ہے۔
اس وقت ڈاکٹر رضا نے سرجنوں کی ایک ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے لندن کے چیلسی اینڈ ویسٹ منسٹر اسپتال میں صرف 2 دن کے دوران پیچیدہ گائناکولوجیکل آپریشنز کی زیادہ سے زیادہ تعداد انجام دی تھی۔ اس دوران نہ صرف جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کے استعمال میں ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا بلکہ ایک ہی دن میں 12 بڑے آپریشنز بھی کیے گئے۔
ڈاکٹر رضا نے جیو نیوز کو بتایا کہ اینڈومیٹریوسس ایک ایسی بیماری ہے جس میں خواتین کو پیٹ میں اور ماہواری کے دوران درد کا سامنا ہو سکتا ہے، جبکہ اس کا زرخیزی اور معیارِ زندگی پر بھی گہرا منفی اثر پڑ سکتا ہے۔یہ بیماری صرف پیلوک کے اعضا تک محدود نہیں رہتی بلکہ آنتوں، مثانے، پیشاب کی نالی، اعصاب اور بعض پیچیدہ کیسز میں ڈایافرام کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ یہ بیماری کم عمری سے ہی خواتین کو متاثر کر سکتی ہے اور دنیا بھر میں کروڑوں خواتین اس کا شکار ہیں۔
ڈاکٹر رضا نے کہا کہ ہمارا کام اینڈومیٹریوسس کی انتہائی مشکل اقسام کا علاج بھی شامل کرتا ہے، جن میں آنتوں، پیشاب کی نالی اور ڈایافرام کو متاثر کرنے والی پیچیدہ بیماری کے ساتھ ساتھ روبوٹک ہسٹریکٹومی، مائیومیکٹومی اور دیگر جدید گائناکولوجیکل طریقۂ کار شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ پیچیدہ اینڈومیٹریوسس کا علاج صرف ایک سرجن اکیلا نہیں کر سکتا، میرا نظریہ یہ ہے کہ سرجری عورت کے اینڈومیٹریوسس کے مکمل علاج کے سفر کا صرف ایک حصہ ہونی چاہیے، تشخیص، صحتیابی، درد کا انتظام، زرخیزی، نفسیاتی بہبود اور طویل مدتی معاونت بھی جامع نگہداشت کا حصہ ہونی چاہیے۔
پاکستان میں ابتدائی طبی تربیت حاصل کرنے والے ڈاکٹر عامر رضا گزشتہ 25 سال سے زائد عرصے سے برطانیہ میں کام کر رہے ہیں اور جدید اینڈومیٹریوسس کے علاج، کم سے کم چیرا لگانے والی سرجری اور روبوٹک سرجری کے شعبوں میں بین الاقوامی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔
اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا بیشتر حصہ برطانیہ میں گزارنے کے باوجود ڈاکٹر رضا پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلق برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ روبوٹک سرجری، مصنوعی ذہانت، سرجیکل تعلیم اور جدید خواتین کی صحت کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کو انفرادی اسپتالوں یا ممالک تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے بین الاقوامی سطح پر شیئر کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں مریضوں اور نئے ڈاکٹروں کی مدد کے لیے باقاعدگی سے پاکستان جاتا ہوں۔ پاکستان نے مجھے تعلیم، شناخت اور وہ وسائل فراہم کیے جن کی مدد سے میں برطانیہ کے صحت کے نظام میں اپنا کردار ادا کر سکا، میں پاکستان میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر اسی ٹیکنالوجی اور طریقۂ کار کو پاکستان منتقل کرنے کے لیے کام کروں گا، جہاں جدید طبی سہولیات کی شدید ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اسے اپنا مشن بنایا ہے کہ سرجنوں کی اگلی نسل کو تربیت دوں، اینڈومیٹریوسس اور خواتین کی صحت سے متعلق دیگر نظر انداز کیے جانے والے مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کروں اور پاکستان، برطانیہ اور بین الاقوامی سطح پر طبی ماہرین کے درمیان تعاون کو مضبوط بناؤں، جدت کی حقیقی اہمیت اسی وقت ہے جب وہ مریضوں کی نگہداشت کو بہتر بنائے، اور علم کی قدر اس وقت مزید بڑھ جاتی ہے جب اسے دوسروں کے ساتھ شیئر کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے اسپیکر ایاز صادق کی ملاقات، اہم قانونی اور پارلیمانی امور پر گفتگو
رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کیساتھ آف دی ریکارڈ مذاکرات کی تصدیق کر دی
چند افغان رہنما پیسوں کے لالچ میں ہندوتوا کے ناپاک عزائم کیلئے پراکسی کا کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان
خیبر پختونخوا میں تعلیمی نظام تباہی کی طرف جا رہا ہے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ
ایف بی آر کے نئے ٹیکس قوانین کیخلاف نجی اسپتالوں اور کلینکس میں ڈاکٹرز کی ہڑتال
سعودیہ کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے، خواجہ آصف کا حوثیوں کی جانب سے کسی بھی خطرے کی صورت میں سعودی عرب کے دفاع کا اعلان
لانگ مارچ سیاسی اور اٹل فیصلہ ہے: چیئرمین پی ٹی آئی
گورنر راج پہلے بلوچستان میں لگائیں جہاں 80 فیصد حکومتی رٹ ختم ہوچکی: شاندانہ گلزار
لاہور: تلخ کلامی پر خاتون مسافر کا نمبر سوشل میڈیا پر شیئر کرنیوالا رکشہ ڈرائیور گرفتار
پختونخوا میں گورنر راج لگے گا یا ایمرجنسی ؟ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف آپشنز پر غور
میر رضا کیس: اہلخانہ کے وکیل جبران ناصر نے مزید سوالات کمیشن کو جمع کرا دیے
مارچ ملتوی کرنے کیلئے خط لکھنے کا معاملہ، شوکت یوسفزئی اپنے خلاف ٹرولنگ پر لائیو شو میں رو پڑے
تازہ ترین
• 2 منٹ پہلے پاکستانی سرجن نے برطانیہ میں سنگل پورٹ روبوٹک گائناکولوجیکل سرجری میں نئی تاریخ رقم کردی
• 26 منٹ پہلے وزیراعظم شہباز شریف سے اسپیکر ایاز صادق کی ملاقات، اہم قانونی اور پارلیمانی امور پر گفتگو
• 58 منٹ پہلے رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کیساتھ آف دی ریکارڈ مذاکرات کی تصدیق کر دی
• 2 گھنٹے پہلے چند افغان رہنما پیسوں کے لالچ میں ہندوتوا کے ناپاک عزائم کیلئے پراکسی کا کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان
• 2 گھنٹے پہلے فرانس میں اسکولوں کی خراب صورتحال کیخلاف طلبہ کا احتجاج شدت اختیار کرگیا، 400 سے زائد زیر حراست
فرانس میں اسکولوں کی خراب صورتحال کیخلاف طلبہ کا احتجاج شدت اختیار کرگیا، 400 سے زائد زیر حراست
• 2 گھنٹے پہلے خیبر پختونخوا میں تعلیمی نظام تباہی کی طرف جا رہا ہے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ
• 2 گھنٹے پہلے شبمن گل کی شاندار ڈبل سنچری، بھارت نے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 406 رنز کا تاریخی ہدف حاصل کرلیا
شبمن گل کی شاندار ڈبل سنچری، بھارت نے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 406 رنز کا تاریخی ہدف حاصل کرلیا
• 3 گھنٹے پہلے اسرائیل کا ملک میں آنے والے تمام پائلٹس کی سخت جانچ پڑتال کا فیصلہ
