کمنٹیٹر ڈینی موریسن نے اسے ’چھ وائیڈز‘ قرار دینے کی بحث چھیڑ دی تاہم امپائر نے پانچ وائیڈز کا اشارہ دیا
کینیڈا سپر 60 کے دوسرے سیمی فائنل میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جہاں ایک گیند بلے باز کو چھوئے بغیر ہی براہ راست باؤنڈری کے پار پہنچ گئی۔
وینکوور کے بی سی پلیس میں کھیلے گئے میچ میں مسی ساگا ماسٹرز کے علی خان نے ٹورنٹو سکسز کے کیرون پولارڈ کو شارٹ پچ گیند کرائی۔
گیند غیر معمولی باؤنس کے باعث پولارڈ اور وکٹوں کے پیچھے موجود کیپر کے اوپر سے گزرتی ہوئی بغیر ٹپہ کھائے باؤنڈری پار کر گئی۔
کمنٹیٹر ڈینی موریسن نے اسے ’چھ وائیڈ‘ قرار دینے کی بحث چھیڑ دی تاہم امپائر نے پانچ وائیڈز کا اشارہ دیا۔
دراصل کرکٹ کے قوانین کے مطابق باؤنڈری تک پہنچنے والی وائیڈ گیند پر عام طور پر پانچ رنز بنتے ہیں، یعنی ایک وائیڈ کا اضافی رن اور چار باؤنڈری رنز، اس لیے ایسی گیند کو چھکا قرار نہیں دیا جا سکتا۔
البتہ قوانین کے تحت چھ وائیڈز ممکن ہیں، اگر وائیڈ قرار دی گئی گیند پر بلے باز پانچ رنز دوڑ کر مکمل کرلیں، یوں ایک وائیڈ اور پانچ رنز ملا کر مجموعہ چھ بن سکتا ہے۔
