• ستمبر 24, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 24, 2026 3:08 صبح
  • پاکستان

نظریہ کے ذریعے دنیا میں ہر قوم کا عمل کچھ طے شدہ اقدار اور امور انجام پاتے ہیں۔

نظریہ کے لفظی معنی ہیں ،ایک خاص نقطہ نظر رکھنا، اصطلاح میں ایک ایسا خیال یا تصور اور ایسا انداز فکر، تصور حیات اور تہذیبی لائحہ عمل جو معاشرے کی مجموعی اکثریت کو متاثر کرے یعنی خیالات، عقائد، اصولوں اور اقدار کا ایک ایسا مجموعہ جو کسی فرد، قوم یا ریاست کی سوچ، کردار اور طرز عمل کی رہنمائی کرتا ہے انھیں فکری بنیادیں فراہم کرتا ہے، نظریہ کہلاتا ہے۔

نظریہ کے ذریعے دنیا میں ہر قوم کا عمل کچھ طے شدہ اقدار اور امور انجام پاتے ہیں۔ قوم کی سیاسی، معاشی، سماجی پالیسی کے ساتھ سوچ اور فکر بھی ظاہر ہوتی ہے۔ نظریہ کسی اصول یا فلسفہ پر کھڑا ہوتا ہے جو اپنے پیروکار کو عملی زندگی میں قدم رکھنے پر مجبور کرتا ہے ہر نظریہ دلائل اور فکری بنیادیں رکھتا ہے، اسی پر کسی حکومت، معاشرت یا علم کی بنیاد رکھی جاتی ہے۔

سوال یہ ہے کہ نظریے کی تشکیل کیسے ہوتی ہے؟ سوچ کی جڑیں بچپن میں پیوست ہوتی ہیں ،جس ماحول میں ہم تربیت پاتے ہیں ،جس طرح کی تعلیم حاصل کرتے ہیں، جس معاشرتی روایات پر عمل پیرا ہوتے ہیں، جس نفسیاتی کیفیت میں زندگی گزارتے ہیں، یہ سب عوامل مل کر ہماری سوچ کو ایک مخصوص سانچے میں تبدیل کر دیتے ہیں۔

عمومی طور پر والدین، تربیتی ماحول، عقیدے انسان کے نظریات کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تاریخی واقعات اور حقائق، تجربات و مشاہدات، ماضی کے واقعات، قوموں کے تجربات بھی نظریے کو جنم دیتے ہیں۔ معاشرے کا رہن سہن، ثقافتی روایات، اجتماعی ضروریات اور اقدار بھی نظریہ کی تشکیل کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انسانی فکر اور فلسفہ، غور و فکر، منطقی استدلال بھی اس کے اہم ماخذ ہیں مذہبی عقائد اور تعلیمات بھی نظریات کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی مخصوص علم، تجربے یا بصیرت کی وجہ سے ذہنی سانچے میں تبدیلی ہو جاتی ہے یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ کسی انسان کا کوئی خاص نظریہ نہیں ہوتا، لیکن وہ کسی وقت کسی گروہ، جماعت یا مسلک سے منسلک ہو جاتا ہے ،وہاں وہ یک طرفہ باتیں سن کر کوئی خاص نقطہ نظر رکھے اور وہ اس کے ذہن کا مرکزی خیال بن جائے، یہ بھی نظریہ سازی کی ایک شکل ہے، عمومی طور پر نظریات حالات کے تابع ہوتے ہیں حالات کی تبدیلی نظریات کی تبدیلی کا باعث بنتی ہے۔

سوال یہ ہے کہ نظریات کی ہماری زندگی میں کیا اہمیت ہے، یہ کیوں ضروری ہیں، کیا اس کے بغیر بھی زندگی گزاری جا سکتی ہے؟ نظریہ کسی قوم کو ایک خاص تشخص اور پہچان عطا کرتا ہے لوگوں کو مشترکہ مقاصد کے تحت جوڑتا ہے ،اگر نظریہ نہ ہو تو انسان کے عمل کی کوئی سمت نہیں۔ یہ ایک ایسا فریم ورک ہے جو انسان کی عملی زندگی میں رہنمائی کرتا ہے۔ اس کی اہمیت ایک فرد کی زندگی میں وہی ہے جو زندگی میں منزل کو حاصل ہوتی ہے۔

قوموں کی حالت اس وقت تک نہیں بدل سکتی، جب تک ان کے افکار میں تبدیلی پیدا نہ ہو۔ قوموں کے عروج و زوال کے متعدد سیاسی، معاشی اور معاشرتی اسباب ہو سکتے ہیں، لیکن اس میں بنیادی کردار سوچ کا ہوتا ہے ہر فعل کی بنیاد فکر پر ہوتی ہے ،جیسی سوچ ہوتی ہے ایسا ہی عمل ہوتا ہے ،اگر آپ فعل اور اس سے پیدا ہونے والے نتائج میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو پہلے آپ کو سوچ کو بدلنا ہوگا، اگر آپ ایک نظریے پر جمے رہیں اور وقت کے بدلتے ہوئے حالات کی روشنی میں اس پر نظرثانی نہیں کریں گے تو آپ کی سوچ جمود کا شکار ہو جائے گی، اپنی سوچ کو ہمہ گیر بناتے ہوئے اس کا جائزہ لیتے رہیے۔ہر چیز کے کچھ جزوی پہلو ہوتے ہیں اور ایک اس کی مجموعی حقیقت ہوتی ہے جزوی پہلوؤں میں سے کسی کے بارے میں مشاہدہ غلطی کر جائے تو غلطی اپنے مقام پر رہتی ہے لیکن مجموعی حقیقت کے بارے میں تصور بدل جائے یا تعبیر کی غلطی ہو جائے تو پورے وجود کے بارے میں نقطہ نظر بدل جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ نقطہ نظر غلط ہوگا تو عمل بھی غلط ہو جاتا ہے ،اس لیے نظریات کو اپناتے وقت اس کے درست ہونے کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

سوال یہ ہے کہ ایک اچھے نظریے کی کیا خصوصیات ہوتی ہیں؟ نظریہ کا تعلق سماجی، سیاسی، معاشی حیثیت اور سمت بلکہ زندگی کے ہر دائرے سے ہوتا ہے، جاندار نظریہ وہی ہے جو جمود کو توڑے معاشرے کو تعمیری رخ دے اور اسے بہتری کی راہ دکھائے، ایک بڑی فکری اور عملی تبدیلی کا محرک بنے، ایک مکمل اور واضح تصور حیات ہو، اس میں وسعت ہو، خیالی نہ ہو زمینی حقائق سے ہم آہنگ ہو۔ منطقی ہو نئے شواہد کے ساتھ بدلنے کی گنجائش رکھتا ہو، سادہ ہو مگر سطحی نہ ہو، لچک ہو لیکن بنیادیں مضبوط رکھتا ہو۔ قابل عمل ہو، وہ ہم خیال لوگوں کو ایک لڑی میں پرونے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

کوئی نظریہ اچھا ہو یا برا خود بخود فروغ نہیں پاتا، عمومی طور پر لوگ فاتح یا غالب نظریات سے متاثر ہوتے ہیں نظریہ خواہ کتنا ہی طاقتور اور انقلابی کیوں نہ ہو، اسے لوگوں تک پہنچانے کے لیے تحریک برپا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، نظریہ اپنے پھیلاؤ اور عوام الناس تک پہنچنے کے لیے تحریک کا محتاج ہوتا ہے، تحریک برپا کرنے کے لیے تنظیم کی ضرورت ہوتی ہے، تنظیم کی کامیابی کا تعلق افرادی قوت اس کی تربیت نظم و ضبط اور اس کے متحرک ہونے سے ہے ۔نظریہ ان لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر منظم کرکے ان میں باہمی اتحاد اور محبت پیدا کرکے تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرتا ہے۔

ہمارے یہاں بعض طلبا نقطہ نظر، زاویہ نگاہ، فکر اور تناظر کو نظریہ کے ہم معنی سمجھتے ہیں جوکہ درست نہیں۔ کوئی شخص کسی معاملے کو مذہبی یا سیاسی، سماجی یا معاشی اسی طرح سائنسی یا ادبی نگاہ سے دیکھتا ہے ،اسے زاویہ نگاہ Angle of View کا نام دیا جاتا ہے۔

نقطہ نظر وہ سوچنے کا انداز ہے جو آپ زاویہ نگاہ کے بعد قائم کرتے ہیں، اسے انگریزی میں Point of View کہتے ہیں۔ تناظر Context وہ وسیع پس منظر، حالات اور فریم ورک ہے جس کے اندر رہ کر کسی واقعہ، بات، مطالعہ یا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ حتمی رائے کو موقف Stances کہتے ہیں۔

فکر Thinking ایک وسیع جاری لچک دار ذہنی عمل ہے جب یہ ذہنی عمل ایک منظم اور حتمی شکل اختیار کرکے کسی نتیجے یا اصول بن جائے تو اسے نظریہ ideology بن جاتا ہے، اگر نظریہ مستقل ہو جائے اور اس میں کوئی تبدیلی نہ لائی جا سکے تو اسے عقیدہ یعنی Belief کا نام دیا جاتا ہے۔ مذہبی حوالے سے سماجی نظام میں کوئی بیان جو سچ کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، عقیدہ کہلاتا ہے۔ یاد رکھیں نظریہ معاشرے کو سمت دیتا ہے، مشترکہ اقدار واضح کرتا ہے ،یہ مکالمے اور نئے خیالات کے لیے جگہ بناتا ہے ،اچھے نظریات علم کو آگے بڑھاتے ہیں، بحث و مباحثہ کو بامعنی بناتے ہیں اور عملی حل نکالنے میں بنیادیں فراہم کرتے ہیں، اس لیے اس کی ضرورت اور اہمیت سے کوئی ذی شعور انکار نہیں کر سکتا۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے