• ستمبر 28, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 28, 2026 4:07 شام
  • پاکستان

ایم ڈی کیٹ میں ایم بی بی ایس کیلئے پاسنگ مارکس 180 میں سے 99 مقرر تھے۔

سندھ کے سرکاری و نجی میڈیکل کالجز اور جامعات میں داخلوں کیلئے منعقدہ ایم ڈی کیٹ کے نتائج سامنے آگئے، جن میں کراچی کے مقابلے میں تھرپارکر کے طلبہ کی نمایاں کارکردگی نے توجہ حاصل کر لی۔

آئی بی اے سکھر کے تحت منعقدہ ٹیسٹ کے نتائج کے مطابق ٹاپ 20 امیدواروں میں کراچی کا ایک بھی طالب علم جگہ نہیں بنا سکا جبکہ تھرپارکر کے 5 طلبہ ٹاپ 20 میں شامل ہیں۔ ان امیدواروں نے 180 میں سے 176 سے 179 نمبر حاصل کیے۔

ابتدائی 50 امیدواروں میں تھرپارکر کے 12 طلبہ شامل ہیں، یوں ٹاپ 50 میں ضلع کا حصہ 24 فیصد رہا، جبکہ کراچی کے صرف 7 طلبہ اس فہرست میں جگہ بنا سکے۔

اعداد و شمار کے مطابق ٹاپ 100 میں کراچی کے 18، ٹاپ 200 میں 37، ٹاپ 500 میں 111 جبکہ ٹاپ 1000 امیدواروں میں کراچی کے 210 طلبہ شامل ہیں۔

مجموعی طور پر سندھ سے 33 ہزار 336 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ میں شرکت کی، جن میں سے 16 ہزار 507 کامیاب ہوئے اور کامیابی کی شرح 49.5 فیصد رہی۔

کراچی سے 9 ہزار 505 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جن میں سے 5 ہزار 492 کامیاب ہوئے، یوں شہر میں کامیابی کی شرح 57.8 فیصد رہی۔ ضلع کراچی ایسٹ میں کامیابی کی شرح 62 فیصد، کراچی سینٹرل میں 59.9 فیصد جبکہ تھرپارکر میں 59.7 فیصد رہی۔

تھرپارکر سے 1027 امیدواروں میں سے 613، لاڑکانہ میں 1410 میں سے 623، میرپورخاص میں 1262 میں سے 571، سکھر میں 984 میں سے 503 اور حیدرآباد میں 1611 میں سے 652 امیدوار کامیاب ہوئے۔

اسی طرح خیرپور میں 2189 میں سے 970، دادو میں 1441 میں سے 669، شہید بینظیر آباد میں 1485 میں سے 630 جبکہ ٹھٹھہ میں 398 میں سے 181 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے