دیوجیت سائیکیا نے کہا ہے کہ دونوں ٹرافیاں بی سی سی آئی کے ممبئی دفتر پہنچیں گی
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیوجیت سائیکیا نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی مردوں اور خواتین کی دونوں ٹرافیاں بالآخر بی سی سی آئی کے ممبئی میں واقع ہیڈکوارٹر پہنچ جائیں گی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے فاتح ٹیم کی ٹرافی اور میڈلز وصول نہیں کیے تھے۔
اس سے قبل گزشتہ سال ایشیا کپ کے مردوں کے فائنل کے بعد بھی بھارت نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے گریز کیا تھا۔
ممبئی میں بی سی سی آئی کی 95ویں سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد سائیکیا نے کہا کہ وہ ٹرافیوں کی واپسی کے لیے کوئی حتمی وقت نہیں بتا سکتے تاہم انہیں یقین ہے کہ دونوں ٹرافیاں بی سی سی آئی کے ممبئی دفتر پہنچیں گی۔
خواتین کی ٹیم نے سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ جیتا تھا۔
بھارتی بورڈ کے مطابق محسن نقوی سے ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ پہلے ہی اے سی سی کو بتا دیا گیا تھا اور یہ ایک ادارہ جاتی فیصلہ تھا۔
