حالیہ کشیدگی میں سعودی عرب کے توانائی کے مراکز بھی متاثر ہوئے ہیں
لندن: مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ اور خطے سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ابتدائی ایشیائی کاروبار میں برینٹ خام تیل کی قیمت 99.38 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 94.51 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔
ایران کی جانب سے امریکا کے خلاف جوابی کارروائی کے نئے اعلانات نے بھی عالمی منڈی میں سپلائی کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا، جبکہ کویت اور بحرین کے قریب تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر مشرق وسطیٰ میں لڑائی مزید پھیلتی ہے یا خلیجی خطے سے تیل کی ترسیل متاثر ہوتی ہے تو عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ آسکتا ہے۔
حالیہ کشیدگی میں سعودی عرب کے توانائی کے مراکز بھی متاثر ہوئے ہیں، جس سے عالمی سپلائی کے خدشات مزید بڑھے ہیں۔
