ایران نے اپنے فضائی شعبے پر عائد امریکی پابندیوں کیخلاف بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن میں شکایت درج کرادی
ایران نے امریکی پابندیوں کے باعث پروازوں کی منسوخی پر اقوام متحدہ کے اداروں میں باضابطہ شکایت دائر کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے اپنے فضائی شعبے پر عائد امریکی پابندیوں کے خلاف بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) میں باضابطہ احتجاج جمع کرایا ہے۔
ایرانی سول ایوی ایشن کے سربراہ ابوالفضل شِرودی نے بتایا کہ اس شکایت کا مقصد ایرانی فضائی شعبے کے جائز حقوق کا دفاع اور امریکا کی جانب سے عائد کی گئی غیر قانونی پابندیوں کا مقابلہ کرنا ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ کہ اس معاملے پر ایرانی وزارت خارجہ کے تعاون سے عالمی عدالت انصاف (ICJ) میں بھی شکایت دائر کی گئی ہے۔ جہاں سے ایران کو انصاف کی امید ہے۔
خیال رہے کہ امریکا نے رواں ماہ ایران کے پورے فضائی شعبے پر پابندیاں عائد کی تھیں اور ان کمپنیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا اعلان کیا تھا جو ایرانی ہوا بازی کے شعبے کی معاونت کریں گی۔
پابندیوں کے گزشتہ بدھ سے نافذ ہونے کے بعد متعدد ممالک کی جانب سے عائد سفری پابندیوں کے باعث بڑی ایئرلائنز کو ایران کے لیے اور ایران سے بین الاقوامی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
آئی سی اے او اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ ہے جس کا صدر دفتر کینیڈا کے شہر مونٹریال میں ہے۔ یہ ادارہ عالمی شہری ہوا بازی کے لیے قواعد و ضوابط اور حفاظتی معیارات طے کرتا ہے۔
ایران کا مؤقف ہے کہ امریکی پابندیاں اس کے فضائی شعبے اور مسافروں کے جائز حقوق کو متاثر کر رہی ہیں، جس کے خلاف وہ بین الاقوامی قانونی اور سفارتی فورمز پر کارروائی جاری رکھے گا۔
