• ستمبر 22, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 22, 2026 12:25 صبح
  • پاکستان

16 جولائی کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی تقریر کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بڑے پیمانے پر گردش کرنے لگی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے صوبے میں طالبات کے لیے مفت الیکٹرک بائیکس کا اعلان کیا ہے، جبکہ طلبہ کو ان کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔

یہ دعویٰ گمراہ کن ہے اور ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کرتا ہے۔

17 جولائی کو فیس بک کے صارف نے 30 سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں مریم نواز شریف پنجاب میں طلبہ کے لیے الیکٹرک بائیک اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے تقریر کر رہی ہیں۔

ویڈیو پر درج تحریر میں لکھا ہے: "طالبات کو الیکٹرک بائیکس مفت ملیں گی لیکن لڑکوں کو 15 ہزار ڈاون پیمنٹ اور 2 ہزار ماہانہ اقساط دینا ہوگی۔"

ویڈیو میں وزیرِ اعلیٰ کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ طلبہ کو ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنا ہوگی، جبکہ طالبات کو بائیکس حاصل کرنے کے لیے ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس آرٹیکل کے شائع ہونے کے وقت تک لکھے ویڈیو کو 2 ہزار چار مرتبہ دیکھا اور اسے 23 دفعہ لائک کیا گیا۔

اسی طرح کے دعوے ٹک ٹاک، انسٹاگرام، فیس بک اور یوٹیوب پر بھی شیئر کیے گئے۔

پنجاب حکومت کی اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی ای بائیکس طالبات کے لیے مکمل طور پر مفت نہیں ہیں۔ اسکیم کی موجودہ شرائط کے مطابق طلبہ و طالبات، دونوں کو ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنے کی ضرورت نہیں، تاہم دونوں کو ماہانہ اقساط ادا کرنا ہوں گی۔

جیو فیکٹ چیک نے مریم نواز شریف کی مکمل تقریر کا جائزہ لیا اور معلوم ہوا کہ انہوں نے یہ نہیں کہا تھا کہ طالبات کو بائیکس مفت فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ طالبات کو ابتدائی ڈاؤن پیمنٹ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا۔

4:54 منٹ کے ٹائم اسٹیمپ پر مریم نواز کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ’’اس سال ہم طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے جا رہے ہیں جو مفت ہوں گی، تاہم لڑکوں کو 15 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنا ہوگی، جس کے بعد ان کی ماہانہ قسط تقریباً 2 ہزار روپے ہوگی۔ لیکن لڑکیوں کو 15 ہزار روپے کی ڈاؤن پیمنٹ بھی ادا نہیں کرنا پڑے گی۔ انہیں بغیر کسی ڈاؤن پیمنٹ کے بائیک ملے گی۔‘‘

سرکاری ای بائیک اسکیم کے پورٹل کے مطابق، بعد ازاں اسکیم کی شرائط میں تبدیلی کر دی گئی۔ اب تین سالہ فنانسنگ مدت کے دوران طلبہ و طالبات، دونوں کو ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

سرکاری ویب سائٹ پر درج ہدایات میں کہا گیا ہے:

پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ای بائیک اسکیم میں شامل طلبہ کو ماہانہ اقساط ادا کرنا ہوں گی، تاہم ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ان کی پوسٹ یہاں پڑھی جا سکتی ہے۔

صوبائی وزیرِ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے پبلک ریلیشنز آفیسر شیراز علی نے جیو فیکٹ چیک کو ٹیلی فون پر بتایا کہ اسکیم کے آغاز کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا کہ طلبہ و طالبات، دونوں سے ڈاؤن پیمنٹ وصول نہیں کی جائے گی۔

دریں اثنا، محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے ٹرانسپورٹ پلاننگ یونٹ کے ڈائریکٹر وسیم اکرم نے بھی جیو فیکٹ چیک کو میسجز کے ذریعے بتایا کہ طلبہ کو ڈاؤن پیمنٹ ادا نہیں کرنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سود اور انشورنس سمیت دیگر اخراجات برداشت کرے گی، جبکہ طلبہ کو ماہانہ اقساط ادا کرنا ہوں گی۔

فیصلہ: مریم نواز شریف نے کہا تھا کہ طالبات ڈاؤن پیمنٹ سے مستثنیٰ ہوں گی، یہ نہیں کہا تھا کہ انہیں ای بائیکس مفت فراہم کی جائیں گی۔

ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔

ماخذ: Geo News Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے