• ستمبر 11, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 11, 2026 4:06 شام
  • پاکستان

دسمبر میں ہونے والی نیلامی سے قبل تاریخی لباس کو لندن میں نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا۔

شہزادی ڈیانا کا فیشن کی تاریخ میں امر ہو جانے والا مشہور ’ریوینج ڈریس‘ تقریباً 30 سال بعد ایک مرتبہ پھر نیلامی کیلئے پیش کیا جا رہا ہے۔

سیاہ ریشمی لباس کو معروف ڈیزائنر کرسٹینا اسٹیمبولین نے تیار کیا تھا اور اسے 9 دسمبر کو نیویارک میں سوتھبیز کی خصوصی فیشن نیلامی میں فروخت کیا جائے گا۔ لباس کی قیمت ڈیڑھ لاکھ سے 3 لاکھ ڈالر تک لگنے کا امکان ہے۔

شہزادی ڈیانا نے یہ بولڈ آف شولڈر لباس جون 1994 میں لندن کی سرپینٹائن گیلری میں وینٹی فیئر کی ایک تقریب کے دوران پہنا تھا، مگر اس لباس کے مشہور ہونے کے پیچھے ایک انتہائی دلچسپ کہانی ہے۔

اسی روز ان کے شوہر، اس وقت کے شہزادہ چارلس، کا ایک ٹی وی انٹرویو نشر ہوا تھا جس میں انہوں نے اپنی شادی کے دوران بے وفائی سے متعلق بات کی تھی۔ ڈیانا نے تقریب کیلئے پہلے کوئی اور لباس منتخب کیا تھا لیکن آخری وقت میں اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے وہ سیاہ لباس پہن کر تقریب میں پہنچ گئیں۔

ڈیانا یہ لباس تقریباً 3 سال سے اپنے پاس رکھے ہوئے تھیں لیکن اسے عوامی تقریب کیلئے ’ضرورت سے زیادہ بولڈ‘ سمجھتی تھیں۔ ان کی سابق اسٹائلسٹ اینا ہاروی کے مطابق اس رات ڈیانا چاہتی تھیں کہ وہ ’ملین ڈالرز‘ کی نظر آئیں۔

یہی وجہ تھی کہ یہ لباس بعد میں دنیا بھر میں ’ریوینج ڈریس‘ کے نام سے مشہور ہو گیا اور ڈیانا کی زندگی کے سب سے یادگار فیشن لمحات میں شمار ہونے لگا۔

شہزادی ڈیانا نے اسے دوبارہ کسی عوامی تقریب میں نہیں پہنا۔ 1997 میں انہوں نے اپنے 79 ملبوسات کے ساتھ اسے بھی کینسر اور ایڈز سے متعلق فلاحی کاموں کیلئے نیلام کر دیا تھا، جس کے بعد یہ تقریباً تین دہائیوں تک موجودہ مالکان کے پاس رہا۔

دسمبر میں ہونے والی نیلامی سے قبل تاریخی لباس کو لندن، ہانگ کانگ اور جنیوا میں بھی نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے