ایف بی آر کے سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروبار کارروائی کی زد میں آئیں گے
ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں اہم ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت پروڈکشن مانیٹرنگ، ویڈیو سرویلنس یا ڈیجیٹل آئی سسٹم لگانا لازم ہوگا۔
ایف بی آر کے سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروبار کارروائی کی زد میں آئیں گے۔ ایف بی آر کے مطابق کاروبار سیل کرنے کے لیے ضرورت پڑنے پر پولیس کی مدد لی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں کاروباری مقام سیل کرنے کا طریقہ کار بھی واضح کردیا گیا ہے، جس کے مطابق کمشنر لینڈ ریونیو رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی شروع کرسکے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر یا اس سے اوپر کا افسر تحریری رپورٹ کمشنر کو دے گا، جس کے بعد کمشنر انکوائری کرکے چیف کمشنر کو رپورٹ بھیجے گا اور چیف کمشنر کاروبار سیل کرنے یا نہ کرنے کا تحریری حکم جاری کرے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مقام مکمل یا صرف مخصوص حصہ سیل کیا جاسکے گا، جبکہ سیل کرنے سے پہلے کاروباری شخص کو حکم کی کاپی دی جائے گی۔ کاروباری مقام اس وقت تک سیل رہے گا جب تک سسٹم ایف بی آر سے منسلک نہیں ہوجاتا۔
ایف بی آر کے مطابق سیل شدہ کاروبار کھلوانے کے لیے جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا ہوگا۔ سسٹم کی تنصیب کے وقت ایف بی آر کی ٹیکنیکل ٹیم موجود ہوگی، جبکہ سسٹم نصب ہونے کے بعد کمشنر 3 دن کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الیکٹرانک مانیٹرنگ کے قواعد مزید کاروباروں اور مینوفیکچررز پر بھی لاگو کیے جاسکتے ہیں۔
