سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دے رہی ہے، شرجیل میمن
سندھ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دینے کے لیے 500 الیکٹرک بسوں کی خریداری کی تیاری کرلی ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے بسوں کی خریداری کی سمری کابینہ کو ارسال کردی ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد صوبے کے مختلف شہروں میں مرحلہ وار نئی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دے رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ حکومت کی ترجیح ہے کہ جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت صرف کراچی تک محدود نہ رہے، اسی مقصد کے تحت پیپلز بس سروس کے دائرہ کار کو مسلسل بڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے روٹس متعارف کرانے کا مقصد شہریوں کو سستی اور بہتر سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ 50 ڈبل ڈیکر بسیں 30 نومبر تک سندھ پہنچ جائیں گی جنہیں مختلف روٹس پر چلایا جائے گا۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد سے مسافروں کو اضافی سفری گنجائش میسر آئے گی۔ قمبر شہدادکوٹ میں پیپلز بس سروس کے آغاز کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قمبر، شہدادکوٹ اور دیگر علاقوں کے شہری جدید بس سروس کو سراہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کا منصوبہ سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ایک اہم اضافہ ہوگا، جبکہ نئی الیکٹرک بسیں شہری علاقوں میں ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔
