سری لنکن فضائیہ کے مطابق یہ اقدام خشک موسم سے پیدا ہونے والی مشکلات کے دوران ہمدردی کے اظہار کی ایک علامتی کوشش تھی
کولمبو: سری لنکا میں شدید خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں بارش کے لیے بدھ بھکشوؤں نے طیارے کے ذریعے فضائی سفر کیا، جہاں انہوں نے دعائیں کیں اور مقدس پانی کا چھڑکاؤ کیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سری لنکا کی فضائیہ نے بتایا کہ تین زعفرانی لباس پہنے بدھ بھکشو ہفتے کی شام فضائیہ کے Y-12 طیارے میں سوار ہوئے۔
انہوں نے دورانِ پرواز بارش کے لیے دعائیں کیں، جبکہ فضائیہ کے اہلکاروں نے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں پر پانچ لیٹر کی بوتلوں سے مقدس پانی چھڑکا۔
سری لنکن فضائیہ کے مطابق یہ اقدام خشک موسم سے پیدا ہونے والی مشکلات کے دوران ہمدردی کے اظہار کی ایک علامتی کوشش تھی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رواں سال کے باقی عرصے میں ملک کے مختلف حصوں میں شدید خشک سالی کے ساتھ ساتھ موسلا دھار بارشوں کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سری لنکا کو شدید ایل نینو موسمیاتی اثرات کا سامنا ہے۔
