ملاقات کے دوران ایران اور آرمینیا کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا جائزہ لیا گیا
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ مسلسل مذاکرات اور تعاون ایک زیادہ محفوظ، مستحکم اور خوشحال خطے کے قیام کے لیے ایران کی ترجیح ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق عباس عراقچی نے یہ مؤقف آرمینیا کے وزیر خارجہ آرات میرزویان کے دورۂ تہران کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں ظاہر کیا۔
عباس عراقچی نے بتایا کہ انہوں نے پیر کو تہران میں اپنے آرمینیائی ہم منصب آرات میرزویان کی میزبانی کی۔ ملاقات کے دوران ایران اور آرمینیا کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان معیشت، تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات بھی زیرِ غور آئے۔
عراقچی نے اپنے پیغام میں زور دیا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ بات چیت اور عملی تعاون کے تسلسل کو ایران خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اہم سمجھتا ہے۔
ایران اور آرمینیا کے درمیان حالیہ عرصے میں اقتصادی، تجارتی اور علاقائی رابطوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ تہران خطے کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دے رہا ہے۔
