سرورِ کائنات ﷺ کی ولادت با سعادت کی خوشی میں منعقدہ درود و سلام کی محفل میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت
ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں خصوصی محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکہ میں مقیم پاکستانی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق محفلِ میلاد کا اہتمام سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی اہلیہ محترمہ لبنیٰ رضوان کی جانب سے کیا گیا۔ بابرکت محفل میں نعت خوانی، درود و سلام اور حضور اکرم کی سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلووٴں پر روشنی ڈالی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ لبنیٰ رضوان نے کہا کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ ہمیں حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی یاد دلاتا ہے، جن کی سیرتِ طیبہ رحمت، محبت اور ہدایت کا سرچشمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے پوری انسانیت تک اللہ تعالیٰ کا پیغام پہنچایا اور دنیا کو ظلمت کے اندھیروں سے نکال کر توحید کی روشنی سے منور کیا۔
انہوں نے کہا کہ ذکرِ پاک کی صحیح معنویت اور افادیت اسی امر میں پنہاں ہے کہ ہم اسے اپنی عملی زندگی کا لازمی جزو بنائیں۔ عید میلاد النبی ﷺ کا یہ مبارک دن اس عہد کی تجدید کا موقع ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو حضور اکرم ﷺکی سیرتِ طیبہ اور اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھالیں۔
لبنیٰ رضوان نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی ذاتِ اقدس دونوں جہانوں کے لیے باعثِ رحمت ہے۔ نبی کریم ﷺنے انسانیت کو صبر و برداشت، عدل و انصاف، عاجزی و انکساری، رواداری، محبت، اخوت، بھائی چارے اور امن کا درس دیا
