منتظمین کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے تحفظات کا علم ہے اور رہائشی ماحول بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں
جاپان میں ہفتے سے شروع ہونے والے ایشین گیمز سے قبل ہزاروں ایتھلیٹس کے لیے بنائے گئے لکڑی کے عارضی کنٹینر ہٹس شدید تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق منتظمین نے تقریباً 2 ہزار کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے یہ رہائش تیار کی ہے تاہم سہولیات کے حوالے سے شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
کوریا باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر جنگ جے یونگ نے اے ایف پی سے گفتگو میں رہائش کو انتہائی ناقص قرار دیتے ہوئے کہا کہ دو میٹر سے زائد قد رکھنے والے کھلاڑی بستر پر اپنی ٹانگیں بھی پوری طرح سیدھی نہیں کر سکتے۔
جنوبی کوریا کی باسکٹ بال ٹیم کے ایک رکن نے اپنے کمرے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں پائپ سے پانی لیک ہونے اور فرش گیلا ہونے کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔
گزشتہ ہفتے ناگویا میں ریکارڈ بارش اور سیلاب کے باعث کنٹینر ہٹس میں مقیم ایتھلیٹس کو مختصر وقت کے لیے وہاں سے نکالنا بھی پڑا۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ انہیں کھلاڑیوں کے تحفظات کا علم ہے اور رہائشی ماحول بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشین گیمز میں 17 ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔
