• ستمبر 25, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 25, 2026 8:47 شام
  • پاکستان

امریکا کیساتھ ملکر ایران کیخلاف دشمنانہ پالیسیوں پر عمل کرنے والے ممالک کے رویے کو ایرانی عوام کبھی نہیں بھولیں گے

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر محمد مخبر نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کو پروازوں اور ہوائی اڈوں کی سہولیات سے محروم کیا گیا تو خطے کے دیگر ممالک بھی اس کے فضائی آپریشن بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔

ایکس اکاؤنٹ پر جاری اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں پروازیں یا تو سب کے لیے کھلی ہوں گی یا کسی کے لیے نہیں ہوں گی۔

مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر نے کہا کہ اگر ایران کو پروازیں چلانے اور ایئرپورٹ سروسز حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تو خطے کے کسی بھی ملک کو ان سہولیات تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔

محمد مخبر نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف دشمنانہ پالیسیوں پر عمل کرنے والے ممالک کے رویے کو ایرانی عوام کبھی نہیں بھولیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ایران کا اس معاملے پر مؤقف واضح ہے اور خطے میں فضائی سفر کے حوالے سے کسی بھی امتیازی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ امریکا نے رواں ماہ ایرانی ایوی ایشن سے منسلک درجنوں اداروں اور 27 ایرانی ایئرلائنز پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ ایران ایئرلائنز کو ایئرپورٹ، لینڈنگ اور ٹیک آف کی سہولیات فراہم کرنے والے ممالک پر پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

علاوہ ازیں امریکا نے ان کمپنیوں کے خلاف بھی کارروائی کی دھمکی دی تھی جو ایران کی تمام ایئرلائنز کو ایندھن، لینڈنگ، گراؤنڈ ہینڈلنگ یا ٹکٹنگ جیسی سفری خدمات فراہم کرنے کی مرتکب پائیں گی۔

امریکا نے ایران کی فضائی صنعت پر کاری ضرب لگانے کے لیے ایرانی ایئرلائنز اور ان کے ساتھ کاروبار کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کو بھی پابندیوں کے دائرے میں لانے کا اعلان کیا تھا۔

امریکا نے ان پابندیوں کا دفاع کرتے ہوئے جواز پیش کیا تھا کہ ایرانی کمرشل ایوی ایشن کو مبینہ طور پر اسلحہ، اہلکاروں اور دیگر سامان کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

جس کی ایران نے سخت الفاظ میں مذمت کی تھی اور ان پابندیوں کو اپنی شہری فضائی آمدورفت کے خلاف دباؤ قرار دیتا ہے۔

امریکی پابندیوں کے اعلان کے بعد کئی ممالک بالخصوص خلیجی ممالک نے ایرانی پروازیں منسوخ کرنے کردیں۔

تازہ پیش رفت میں عراق کے نجف انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایران کے لیے اور ایران سے آنے والی تمام پروازیں 25 ستمبر کو رات 2 بجے سے غیر معینہ مدت تک معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

قبل ازیں متحدہ عرب امارات نے بھی ایرانی ایئرلائنز کی ملک میں آنے اور جانے والی پروازیں تاحکم ثانی بند کردی ہیں۔ دیگر خلیجی ممالک نے بھی ایرانی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کرچکے ہے۔

خیال رہے کہ امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ایران کی کئی بین الاقوامی پروازیں پہلے ہی منسوخ ہوچکی ہیں جبکہ مسافروں کو ترکی، آرمینیا اور دیگر ممالک کے راستے زمینی سفر اختیار کرنا پڑ رہا ہے۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے