ہمارے وزراء کو حراست میں لینے سے تحریک نہیں رکے گی، پلان 25 ستمبر کو سامنے آئے گا، مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو ہر صورت اسلام آباد کے لیے نکلیں گے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔
یہ بات انہوں ںے وزیراعلی ہاؤس پشاور میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ اجلاس میں مرکزی و خیبرپختونخوا قیادت چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، عاطف خان، شاہد خٹک سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پریس کانفرنس اور کہا کہ 27 ستمبر کے حوالے سے مشاورت کی گئی ہے، 26 نومبر 2024ء کو تحریک انصاف پر ظلم جبر ہوا، ڈی چوک میں ہم پر گولیاں چلائی گئیں، ریاست پر قابض ٹولہ شہادت کا ذمہ دار ہے، اس ظلم کے باوجود ہم جھکے نہیں، ریاست کے ظلم و جبر کے باوجود پی ٹی آئی ملک کی بڑی جماعت ہے، دو سال میں ہم نے خیبرپختونخوا سے باہر کوئی بڑا جلسہ نہیں کیا، ہم نے صوبائی اور قومی اسمبلی کا استعمال کیا آواز اٹھائی کوئی جواب نہیں آیا۔
وزیراعلی نے کہا کہ ہم نے جعلی وزیراعظم سے بات کی انہوں نے کہا پوچھ کر بتاؤں گا جب کہ اڈیالہ جیل کا سپرنٹنڈنٹ عدالتی فیصلہ ردی کی ٹوکری میں پھینک دیتا ہے، تین ججوں کا فیصلہ ہے عمران خان کو اسپتال منتقل کیا جائے، 9 ماہ ہوئے وزیراعلی بنے، میں نے کون سا احتجاج کیا، ہماری بات نہیں سنی جاتی جس پر احتجاج کرنا ہمارا حق ہے، ہم عوامی لوگ ہیں جمہوری راستے اپناتے پیں اور جو چور دروازے سے آتے پیں وہ ظلم و جبر کرتے ہیں، جب یہ پکڑ میں آتے پیں تو عورت کارڈ بھی کھیلتے ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ فیصلہ ہوا ہے 27 ستمبر کو پوری طاقت کے ساتھ پُرامن طریقے سے نکلیں گے، ہمارے وزراء کو حراست میں لینے سے تحریک نہیں رکے گی، ہمارا پلان 25 ستمبر کو سامنے آئے گا، ہم ٹی ٹونٹی نہیں ٹیسٹ میچ کھیل رپے، ہم پرامن جائیں گے جو انتشار پھیلائے گا وہ ہم میں سے نہیں ہوگا۔
اسلام آباد پر دھاوا بولا تو اپنا ہی نقصان ہوگا، محسن نقوی کی پی ٹی آئی کو وارننگ
پُرامن لوگ کیل لگے ڈنڈے لے کر نہیں نکلتے، پی ٹی آئی والوں کو اسلام آباد آنے نہیں دینگے، عطا تارڑ
لانگ مارچ؛ اسلام آباد میں سیکیورٹی تیاریاں جاری، 65 ہزار اہلکار تعینات
انہوں نے کہا کہ شہداء کے جنازوں پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، فوجی جوان ہمارے وجود کا حصہ ہیں اس پر سیاست نہیں کریں، میں نے فوجی اور پولیس جوانوں کے جنازوں میں شرکت کی، ہم آل پارٹیز کانفرنس بلا رہے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہم تمام جمہوری پارٹیوں کو اے پی سی میں دعوت دیں گے، تحریک انصاف کے پاس مینڈیٹ ہے عوام ساتھ ہے ۔
قبل ازیں خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان نے صوابی میں دھرنا دینے کی تجویز دی۔ مشاورتی اجلاس میں 27 ستمبر کا پلان نہیں دیا جاسکا جس پر 26 ستمبر کو دوبارہ اجلاس طلب کیا گیا۔
اجلاس میں ارکان اسمبلی نے فیصلہ کیا کہ ہر کام مشاورت سے کریں گے۔ شرکا نے صوبائی وزیر فضل شکور کو حراست میں لیے جانے کی مذمت کی۔ وزیراعلی سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر کو ہر صورت نکلیں گے ہمیں کوئی روک نہیں سکتا۔
