• ستمبر 19, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 19, 2026 11:18 شام
  • پاکستان

کراچی میں مجموعی طور پر تقریباً 11 ہزار امیدوار میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ٹیسٹ میں شریک ہوں گے

کراچی: میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ 2026 کل ملک بھر میں منعقد ہوگا، کراچی میں تقریباً 11 ہزار امیدوار این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں امتحان دیں گے، امیدواروں کو صبح ساڑھے 6 بجے رپورٹ کرنا ہوگا جبکہ امتحان صبح 10 بجے شروع ہوگا جبکہ اُمیدواروں کیلئے جیوینائل کارڈ کی لازمی شرط ختم کردی گئی.

تفصیلات کے مطابق سندھ میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 سکھر آئی بی اے کی سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے تحت منعقد کیا جائے گا۔

کراچی میں ایم ڈی کیٹ کے لیے دو امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، این ای ڈی یونیورسٹی میں 6 ہزار جبکہ ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں 4 ہزار 964 امیدوار امتحان دیں گے.

کراچی میں مجموعی طور پر تقریباً 11 ہزار امیدوار میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ٹیسٹ میں شریک ہوں گے۔ حکام کے مطابق امیدواروں کا رپورٹنگ ٹائم صبح ساڑھے 6 بجے مقرر کیا گیا ہے جبکہ امتحان صبح 10 بجے شروع ہوگا اور اس کا دورانیہ 3 گھنٹے ہوگا.

امیدواروں کو مقررہ رپورٹنگ ٹائم پر اپنے امتحانی مراکز پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کراچی کے علاوہ حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص اور شہید بینظیرآباد میں بھی ایم ڈی کیٹ کے امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں بھی سندھ کے امیدواروں کے لیے ایک امتحانی مرکز بنایا گیا ہے۔

سندھ بھر میں ایم ڈی کیٹ 2026 کے لیے 34 ہزار سے زائد امیدوار رجسٹرڈ ہیں. سکھر آئی بی اے کے وائس چانسلر پروفیسر آصف احمد شیخ کے مطابق سندھ کے 8 شہروں میں 9 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں امیدوار امتحان دیں گے جبکہ دیگر شہروں میں بھی امیدواروں کے لیے امتحانی مراکز پر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ایم ڈی کیٹ 2026 کے حوالے سے امیدواروں کو اہم سہولت دیتے ہوئے جیوینائل کارڈ کی لازمی شرط ختم کردی گئی ہے، جیوینائل کارڈ نہ رکھنے والے امیدوار بھی امتحان میں شرکت کرسکیں گے۔

جیوینائل کارڈ نہ رکھنے والے امیدواروں کو اپنی شناخت کے لیے میٹرک یا انٹرمیڈیٹ کی اصل تصویر والی مارک شیٹ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، امتحانی مرکز پر شناخت کے لیے اصل مارک شیٹ کی جانچ کی جائے گی۔

آئی بی اے ٹیسٹنگ سروس نے واضح کیا ہے کہ امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت کسی بھی ڈیجیٹل ڈیوائس کو ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی، امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممنوعہ اشیا امتحانی مرکز پر نہ لائیں۔ امتحان مکمل ہونے سے قبل کسی امیدوار کو امتحانی مرکز چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی، تمام امیدواروں کو امتحان کے اختتام تک اپنی نشستوں پر بیٹھنا ہوگا۔

امتحان کے اختتام پر امیدوار سوالیہ پرچہ اپنے ساتھ نہیں لے جاسکیں گے، امتحانی مرکز سے روانگی سے قبل سوالیہ پرچہ نگران عملے کے حوالے کرنا ہوگا، سوالیہ پرچہ واپس نہ کرنے کی صورت میں امیدوار کا نتیجہ منسوخ کردیا جائے گا۔

سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق امتحانی مراکز پر والدین اور سرپرستوں کے لیے علیحدہ انتظار گاہیں قائم کی جائیں گی، جبکہ امیدواروں کے لیے امتحانی ہال میں ضروری اسٹیشنری اور صاف پینے کے پانی کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کے لیے تمام امتحانی مراکز پر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، امتحان کو شفاف انداز میں منعقد کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق ملک بھر کی 5 جامعات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔ امتحان میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے خواہش مند امیدوار شرکت کریں گے، امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحان کے روز مقررہ وقت سے پہلے اپنے متعلقہ امتحانی مرکز پہنچیں اور تمام ضروری دستاویزات ہمراہ رکھیں۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے